Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ: بوفے، افطار دسترخوان اور سحری پروگرام ممنوع

لوگوں کو بھیڑ سے بچانے کے لیے مالز چوبیس گھنٹے کھلیں گے۔ (فوٹو: المرصد)
مکہ میونسپلٹی کے ترجمان رعد بن محمد الشریف نے کہا ہے کہ رمضان کے دوران بوفے سروس، افظار دسترخوان اور سحری پروگرام کی اجازت نہیں ہوگی۔
میونسپلٹی کے انسپکٹرز پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ریستورانوں، تجارتی مراکز اور کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپہ مہم تیز کردیں گے۔ یہ پابندی کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر لگائی گئی ہے۔  
سبق ویب سائٹ کے مطابق الشریف نے کہا کہ بلدیاتی کونسلوں کے ادارے نے فیلڈ  ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو ریستورانوں کی ہوم ڈلیوری اور ٹیبل سروس کے حوالے سے کورونا ایس او پیز کی پابندی کرائیں گی۔
خصوصاً ریستورانوں کی کڑی نگرانی ہوگی۔ رمضان کے دوران مکہ کے تمام محلوں میں افطار دستر خوان اور سحری پروگرام کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ریستورانوں میں اوپن بوفے سروس معطل رہے گی۔ 
ترجمان نے کہا کہ مالز اور شاپنگ سینٹرز کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلیں گے تاکہ  بھیڑبھاڑ کے اوقات میں صارفین کی تعداد حد سے زیادہ جمع نہ ہو۔ 
 پارکوں اور آبادی کے اندر بغیر لائسنس والے سپورٹس مقامات پر کورونا ایس او پیز کی پابندی کرائی جائے گی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جائیں گی۔ 
انہوں نے کہا کہ صارفین کے لیے کھانے پینے کی اشیا کی منتقلی اور انہیں محفوظ کرنے کے طور طریقوں کی بھی نگرانی ہوگی۔ ایسا کوئی کام نہیں کرنے دیا جائے گا جس سے صارفین کی صحت و سلامتی متاثر ہوتی ہو۔ کھانے پینے کی اشیا کے مراکز اور ریستورانوں میں کام کرنے والوں سے موثر ہیلتھ سرٹیفکیٹ طلب کیے جائیں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: