Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان اور ولی عہد کا صدر عارف علوی کے نام نیک خواہشات کا پیغام

چند روز قبل پاکستانی صدر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا (فائل فوٹو: ایوان صدر)
سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد، وزیر دفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر پاکستان کو ڈاکٹر عارف علوی کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کے پیغامات بھیجے ہیں۔ 
گذشتہ دنوں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کورونا وائرس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جمعے کو بھیجے گئے پیغام میں شاہ سلمان نے کہا کہ ’ ہمیں آپ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع  ملی ہے۔ اور ہم آپ کی مستقل اچھی صحت، مسرت اور جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘ 
ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ’مجھے آپ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع  ملی ہے۔ اور میں آپ کی مستقل اچھی صحت، مسرت اور جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘ 
خیال رہے کہ گذشتہ پیر کو صدر عارف علوی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اطلاع دیتے ہوئے بتایا  تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
صدر عارف علوی نے اپنے ٹویٹ میں تمام کورونا مریضوں کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے عام لوگوں سے احتیاط کی اپیل کی تھی۔
صدر نے لکھا تھا کہ انہوں نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے تاہم اینٹی باڈیز بننے کے لیے دوسری خوراک ضروری ہے جو دو ہفتے بعد لگے گی۔

شیئر: