بیشتر علاقوں میں گردو غبار کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان
مدینہ اور مکہ کے ساحلی علاقوں کا موسم زیادہ خراب ہوگا۔(فوٹو عاجل)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سنیچر 3 اپریل کو سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں گردو غبار کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ حدود شمالیہ، شرقیہ، قصیم، ریاض، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ریجنز میں سنیچر کو تیز ہوائیں چلیں گی جو غبار آلود ہوں گی خصوصا مدینہ اور مکہ کے ساحلی علاقوں کا موسم زیادہ خراب ہوگا۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے وسطی، مشرقی اور مغربی علاقوں کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوگا۔ کہیں کہیں کبھی کبھی گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوگی البتہ قصیم اور الشرقیہ کے شمالی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی۔ ان کا رخ ریاض ریجن کے مغربی علاقوں کی جانب ہوگا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ سنیچر کو مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ دمام اور سب سے کم درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ طریف میں ہوگا۔