مشرقی ریجن اور ریاض میں پیر کو بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان
سب سے زیادہ درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ میں ہوگا( فوٹو عاجل)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے پیر پانچ اپریل کے حوالے سے مملکت بھر میں موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ پیر کو مشرقی ریجن اور ریاض کے جنوبی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ حد نظر محدود رہے گی۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ نجران کا علاقہ، اس کے جنوب مغربی مقامات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن بھی کل گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں ہوں گے جبکہ مغربی اور جنوب مغربی پہاڑی علاقوں پر مطلع کسی حد تک ابر آلود رہے گا۔ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بیان میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں ہواؤں کا رخ شمال مشرق سے شمال کی جانب ہوگا۔ ظہر کے بعد ہواؤں کا رخ شمال مغرب کی طرف ہوجائےگا۔ ہواؤں کی فی گھنٹہ رفتار 18 تا 35 کلو میٹر ہوگی۔
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ پیر کو مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور سب سے کم درجہ حرارت 10 سینٹی گریڈ طریف میں ہوگا۔