’رمضان رعایتی سیل‘ کےلیے پرمٹ 14 اپریل تک جاری ہونگے
’رمضان رعایتی سیل‘ کےلیے پرمٹ 14 اپریل تک جاری ہونگے
جمعہ 9 اپریل 2021 12:07
پرمٹ کے بغیر رعایتی سیل لگانا خلاف ورزی شمار ہوتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت تجارت نے رمضان المبارک کے حوالے سے رعایتی نرخوں پر سامان فروخت کرنےوالے اداروں کو ’سیل پرمٹ‘ جاری کرنے شروع کردیئے۔
پرمٹ 14 اپریل تک جاری کرائے جاسکتے ہیں۔ ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے جو بھی تجارتی اشیا کو رمضان المبارک کے موقع پر رعایتی نرخوں میں فروخت کرنے کے خواہاں ہیں وہ وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کرکے پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ رواں برس کی پہلی سہہ ماہی کے دوران وزارت کی جانب سے 29 ہزار ’سیل پرمٹ‘ جاری کیے گئے جو 50 لاکھ تجارتی اشیا کے حوالے سے تھے جبکہ پرمٹ کے اجرا کی مہم سے اب تک مملکت کے تمام شہروں کے لیے 3 لاکھ سیل پرمٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ موسمی رعایتی سیل کے لیے پرمٹ کے اجرا کے مراحل کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ تاجروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے تجارتی قانون کے تحت مصنوعات پر رعایتی سیل کے بورڈ اس وقت تک آویزاں نہیں کیے جاسکتے جب تک وزارت تجارت کی جانب سے پرمٹ حاصل نہ کیاجائے۔
پرمٹ کےحصول کےلیے ضروری ہے کہ مصنوعات کے عام نرخ اور رعایتی نرخوں کو واضح کرتے ہوئے تناسب ظاہر کیا جائے جس کے بعد وزارت ’سیل پرمٹ‘ جاری کرتی ہے۔
’سیل پرمٹ ‘ حاصل کیے بغیر کوئی بھی تجارتی ادارہ رعایتی سیل کے بورڈ یا تشہیری مہم شروع نہیں کرسکتا۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔