عمرہ زائرین کی مسجد الحرام آمد و رفت کے لیے ٹرانسپورٹ سروس
ہر روز پچاس ہزار افراد کو عمرہ اور ایک لاکھ کو نماز کے اجازت نامے جاری ہوں گے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں رمضان کے دوران عمرہ زائرین کو مسجد الحرام لانے لے جانے کے لیے ٹرنسپورٹ سروس شروع کی جا رہی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں سیاحت کی سعودی انجمن کی رکن اور حج و عمرہ و زیارت قومی کمیٹی کے ممبر ھانی العمیری نے بتایا کہ رمضان کے دوران ہر روز پچاس ہزار افراد کو عمرہ اور ایک لاکھ کو نماز کے اجازت نامے جاری ہوں گے۔
مسجد الحرام میں عمرہ و نماز ادا کرنے والوں کی گنجائش بڑھا دی گئی۔اجازت نامے کورونا وائرس سے محفوظ افراد کو دیے جائیں گے۔
العمیری نے کہا کہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کا فائدہ مکہ مکرمہ کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور اداروں کو بھی ہوگا۔ تعداد میں اضافے کی بدولت ان کا منافع بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران عمرہ زائرین اور نمازیوں کولانے لے جانے، بازاروں اور مکہ مکرمہ کے محلوں کا سفر کرانے پر 10 ملین ریال سے زیادہ کا منافع حاصل ہوگا۔
مکہ مکرمہ میں چالیس ٹیکسی کمپنیاں 1200 سے زیادہ باقاعدہ ٹیکسیوں سے زائرین کو مسجدا لحرام لانے لے جانے کی سہولت مہیا کریں گی۔ رمضان میں مقدس شہر آنے والے بازاروں اور مکہ مکرمہ کے مختلف محلوں میں آمد ورفت کے لیے بھی ٹیکسیاں استعمال کرتے ہیں۔
العمیری نے کہا کہ سعودی حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر کو جو سہولتیں فراہم کیے ہوئے ہے ان کی بدولت زائرین نمازیوں اور عمرے کے لیے آنے والوں کے لیے ٹرانسپورٹ سروس کا معیار بلند ہوا ہے۔