Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے پرانے مکان میں کلینک چلانے والا جعلی ڈاکٹر گرفتار

اسقاط کے لیے ممنوعہ دوائیں استعمال کی جا رہی تھیں۔ ( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں حکام نے جدہ کے جنوب مشرق میں پرانے طرز کے مکان کو کلینک میں تبدیل کرنے والے غیرملکی کارکن کو گرفتار کیا ہے۔
صحت ضوابط کی  خلاف ورزی کرکے کلینک کھولے ہوئے تھا اور اسقاط کے لیے ممنوعہ دوائیں استعمال کی جا رہی تھیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق جدہ محکمہ صحت نے مقامی پولیس کے تعاون سے کلینک نما فلیٹ پر چھاپہ مارا، جہاں غیرملکی کارکن نے مریضوں کے علاج کے لیے تین بیڈ لگائے ہوئے تھے۔ بلڈ پریشر، شوگر اور مختلف ٹیسٹ کے  لیے مشینیں موجود تھیں۔

غیرملکی کارکن کلو 14 علاقے میں کلینک قائم کیے ہوئے تھا( فوٹو العربیہ)

جدہ محکمہ صحت نے کہا کہ چھاپہ مہم کے دوران غیرملکی کارکن کے خود ساختہ کلینک میں علاج کے لیے آئے ہوئے کئی افراد بھی موجود تھے۔ گرفتاری کے وقت غیرملکی جعلی ڈاکٹر اسٹیتھسکوپ  لگائے ہوئے تھا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مریضوں کی صحت سے کھیلنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی بھی رعایت نہیں ہوگی جو لوگ مریضوں کے حالات سے ناجائز فائدہ اٹھا کران کا فرضی معائنہ کرکے من گھڑت دوائیں دیتے ہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔ 
جدہ محکمہ صحت نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر اس جیسا کوئی واقعہ ان کے علم میں آئے تو ٹول فری نمبر 937 پر رابطہ کرکے اطلاع دیں۔
اخبار 24 کے مطابق غیرملکی کارکن جدہ کے علاقے کلو 14  میں کلینک قائم  کیے ہوئے تھا اور اس کی باقاعدہ رپورٹ ہوئی تھی۔

شیئر: