Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری نے پاکستانی ڈرائیور کی شادی فلپائنی نومسلم لڑکی سے کرا دی 

فلپائنی خادمہ سعودی خاندان کے حسن سلوک سے متاثر ہوکر مسلمان ہوگئی تھی۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں ریاض ریجن کی معروف کمشنری الخرج کے سعودی باشندے نے اپنے پاکستانی ڈرائیور کی امانت داری اور نیک نیتی سے متاثر ہوکر اس کی شادی نومسلم فلپائنی لڑکی سے کرادی۔ 
اخبار 24 کے مطابق مقامی شہری مزید الھشال نے بتایا کہ اس کے پاکستانی ڈرائیور نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ ایک برس قبل اسلام قبول کرنے والی  فلپائن کی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہے۔ فلپائنی خادمہ ایک سعودی خاندان کے حسن سلوک سے متاثر ہوکر مسلمان ہوگئی تھی۔ 
مزید الھشال نے بتایا کہ پاکستانی ڈرائیور کی بات سن کر فلپائنی ملازمہ کے آجر سے رابطہ کیا۔ جس نے پاکستانی ڈرائیور کا رشتہ فلپائنی ملازمہ کے سامنے رکھا اور اس نے شادی کی منظوری دی۔ 

وزارت انصاف اور فلپائن کے سفارتخانے کے ذریعے قانونی کارروائی کی گئی( فوٹو اخبار 24)

مزید الھشال نے بتایا کہ وزارت انصاف اور فلپائن کے سفارتخانے سے رابطہ  کرکے قانونی کارروائی انجام دی گئی اور دعوۃ سینٹر میں شادی کا پروگرام رکھا گیا۔ فلپائنی لڑکی کے اہل خانہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے گئے۔ 
مزید الھشال نے بتایا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلپائنی ملازمہ کے آجر نے قانونی کارروائی سے قبل میرے پاکستانی ڈرائیور اور اس کے کردار کے حوالے سے چھان بین کرائی تھی اور اس کے بعد ہی معاملات آگے بڑھائے تھے۔ 
سعودی شہری نے بتایا کہ نکاح کی رسم الخرج میں میرے گھر پر انجام دی گئی جبکہ ڈرائیور نے اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ شادی کی ایک مختصر سی تقریب منعقد کی پھر دعوۃ سینٹر میں دلہن کے لیے معاشرے کی خواتین کو مدعو کرکے ایک تقریب کی گئی۔

شیئر: