رمضان میں اشیائے ضروریہ کی خریداری، فضول خرچی سے کیسے بچیں؟
رمضان میں اشیائے ضروریہ کی خریداری، فضول خرچی سے کیسے بچیں؟
منگل 13 اپریل 2021 5:44
سامان سستا اور معیاری ہو وہاں سے خریدیں- (فوٹو اخبار 24)
سعودی شہری اور مقیم غیرملکی رمضان کی تیاری کے لیے وافر سامان خریدتے ہیں۔ اس دوران دستر خوان پر انواع و اقسام کے کھانے سجانے کی دوڑ میں لگ جاتے ہیں۔
مہینے کے پندرہ دن بھی پورے نہیں ہوتے کہ بیشتر خاندانوں کا بجٹ جواب دے جاتا ہے۔ فضول خرچی اور بلا ضرورت سامان خریدنے کے چکر میں باقی ماندہ ایام کی ضروری اشیا بھی خریدنے سے رہ جاتی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق اکثر لوگ گوشت، مشروبات اور مٹھائیاں حد سے زیادہ خرید لیتے ہیں۔ اس بات کا خیال نہیں رکھتے کہ ان کے جسم کو کس چیز کی اور کتنی ضرورت ہے۔ اچھی صحت کے لیے کیا کھانا ہے اور کیا نہیں کھانا ہے۔
رمضان کی ضروریات کا بجٹ مقرر کریں۔ یہ بجٹ مالی حالات کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے۔ بجٹ کے کسی ایک عنصر کو دوسرے پر بلاوجہ ترجیح نہ دی جائے۔
ہفتے میں خریداری کا ایک دن متعین کریں۔ ہفتے بھر کی ضرورتوں کی فہرست تیار کریں۔ اس کے بعد ہی شاپنگ کے لیے نکلیں۔
شاپنگ سینٹر دن میں نہ جائیں کیونکہ اس وقت آپ کا معدہ خالی ہو گا اور کھانے پینے کی مختلف اشیا بلا ضرورت خریدنے پر آپ کو آمادہ کرے گا۔
اتنا ہی سامان خریدیں جتنا گھر والوں کے لیے ضروری ہو۔ مختلف سکیموں کے چکر میں پڑ کر ضرورت سے زیادہ سامان نہ خریدیں۔ ایسا کریں گے تو آپ کی رقم بھی ضائع ہوگی اور حد سے زیادہ سامان تلف ہوجائے گا۔
رمضان کے دوران تجارتی مراکز اور کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے سینٹر مختلف سکیموں کا اعلان کر رہے ہیں۔ آپ ان سے فائدہ اٹھائیں لیکن سستا سامان اتنا ہی خریدیں جتنا کہ ضروری ہو، ضرورت سے زیادہ نہیں۔
سامان خریدتے وقت مختلف تجارتی اداروں کے نرخناموں کا تقابل کریں جہاں سامان سستا اور معیاری ہو وہاں سے خریدیں۔
ڈبوں والی غذائی اشیا کم سے کم خریدیں مثلا ٹماٹر پیسٹ، آلو اور سموسے اور اسی طرح کی دیگر اشیا جنہیں گرم کرکے استعمال کیا جاتا ہے۔
خوردنی تیل کے انتخاب میں یہ اصول پیش نظر رکھیں کہ صحت کے لیے مفید ہو۔ مثلا زیتون کا تیل، کینولا اور سورج مکھی کا تیل۔
اپنی خوراک میں دال، فول اور حمص جیسی دانہ دار غذائی اشیا کا اضافہ کریں۔
پروٹین والے کھانوں کا انتخاب کریں مثلا انڈے، چربی سے خالی گوشت، مچھلی اور بغیر جلد والی مرغیوں کے سینے والے پیس۔
روغنیات سے خالی (لوفیٹ) ڈیری مصنوعات کا انتخاب کریں- پھل، تازہ سبزیاں زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
کھانے پینے کا سامان خریدنے سے قبل یہ بات ضرور سمجھ لیں کہ ان کی غذائی قدرو قیمت کیا ہے۔
سعودی ایف ڈی اے کا مشورہ ہے کہ کھانے پینے کا سامان خریدنے سے قبل یہ بات چیک کرلیں کہ مطلوبہ غذا کے استعمال کی تاریخ کتنی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں