رمضان کے دوسرے ہفتے کے بعد 200 سے 300 فیصد تک اضافہ متوقع ہے(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں سفری پابندیوں کے خاتمے میں 35 دن باقی رہ گئے ہیں' سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے مئی میں بین الاقوامی پروازوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض میں المسافر کلب ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرزاق الزہرانی نے کہا ہے کہ ابھی ٹکٹ سستے ہیں اور پندرہ رمضان تک سستے رہیں گے اور عام نرخوں سے 30 فیصد کم ہیں البتہ رمضان کے دوسرے ہفتے کے بعد ٹکٹوں میں 200 سے 300 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔
عبدالرزاق الزہرانی نے کہا کہ جیسے جیسے بین الاقوامی سفری پابندیاں اٹھنے کا وقت قریب آتا جائے گا اور جتنی تعداد میں سعودی عرب میں کورونا ویکسین لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا بین الاقوامی سفر کے لیے ٹکٹ خریدنے والے بڑھتے چلے جائیں گے۔ طلب بڑھے گی تو ٹکٹ کے نرخ بھی بڑھیں گے۔
الریاض ٹریولنگ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ الغفیلی نے کہا کہ ہوائی جہازوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں کو طلب اور رسد کا قانون کنٹرول کرتا ہے۔ اس بات کا بھی فرق پڑتا ہے کہ فضائی ایجنسیوں کے یہاں کتنی نشستیں ہیں اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے ان کی کیا کچھ تیاریاں ہیں۔ اس بات کا بھی اثر پڑے گا کہ باہر کے ممالک غیرملکی مسافروں کو کس حد تک خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کرانے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ مسافر سستے ٹکٹوں کے باعث بکنگ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ کئی سیاحتی مقامات اور مارکیٹیں کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ سیاحوں کے لیے کھل گئی ہیں۔-
البتار ٹریولنگ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل صالح السلیم نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ ابھی سیاحتی مقامات کے انتخاب میں احتیاط سے کام لیا جائے۔ 17 مئی کو سفری پابندیاں اٹھنے پر صورتحال واضح ہوگی جیسے ہی طلب بڑھے گی ہوٹلوں اور ٹکٹوں کے نرخ بھی بڑھیں گے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بیشتر سعودی چھٹی گزارنے کے لیے جزیروں کا انتخاب کریں گے۔
علاوہ ازیں مصر، مراکش اور یونان کے الگ تھلگ شہروں کا سفر بھی پسند کیا جائے گا۔ سعودی فیملیاں بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے دور رہنے کو ترجیح دیں گی۔ مالدیپ اور سیشلز جانے والے زیادہ ہوں گے۔
سعودی انٹرنیشنل سیاحتی کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین حسن انو کا کہنا ہے کہ ویکسین لینے والوں کی تعداد میں اضافہ اور بیرونی سیاحتی مقامات کی پالیسی سفر پر اثر انداز ہوگی۔ آئندہ موسم گرما میں بین الاقوامی سفر کی مارکیٹ بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فضائی کمپنیوں میں بکنگ کی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ ہر کمپنی ریزرویشن کی منسوخی اور ترمیم کے حوالے سے الگ پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے سفری پابندیاں اٹھانے کی تاریخ 17 مئی مقرر کررکھی ہے۔