جدہ میں گذشتہ ماہ رہائشی ہوٹلوں کی بکنگ میں اضافہ رہا
جدہ میں گذشتہ ماہ رہائشی ہوٹلوں کی بکنگ میں اضافہ رہا
جمعرات 15 اپریل 2021 20:03
آئندہ 3 برسوں میں ہوٹل رومز کی فراہمی میں 67.1 فیصد اضافہ ہوگا۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب کے تجارتی مرکزجدہ میں کورونا وائرس جیسی عالمی وباکے باوجود ہوٹل انڈسٹری میں کمروں کی بکنگ کی ماہانہ شرح کافی زیادہ رہی ہے ۔
عرب نیوز کے مطابق یہ بات ہوٹل مینجمنٹ سے متعلق تجزیہ کرنے والی فرم اسمتھ ٹریول ریسرچ ’ایس ٹی آر‘ کی مارچ 2021 کے اعداد و شمارکی ابتدائی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ مارچ میں جدہ میں ہوٹلوں کی بکنگ کا سلسلہ 47.1 فیصد تک پہنچ گیا اور دستیاب فی کمرہ کا اوسطا کرایہ 318.72 سعودی ریال یعنی 84.99 ڈالرتک پہنچ گیا ہے۔
مارچ میں ہوٹل کے دستیاب کمروں کی بکنگ کی حوالے سے آمدنی کی شرح فروری 2020 کے بعد سے دوسری بلند ترین سطح پر تھے جو جنوری 2021 کے مقابلے میں کم تھے تاہم ہوٹلوں کے کمروں کے کرایوں کی یومیہ شرح 676.36 سعودی ریال تھی۔
یہ شرح2020 کے دوسرے نصف میں ریکارڈ کی جانیوالی سطح کے برابر تھی۔
رواں ماہ اپریل کے شروع میں ’ ایس ٹی آر‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کے پاس دنیا کی سب سے بڑی ہوٹل پائپ لائن موجود ہے۔
توقع ہے کہ آئندہ 3 برسوں میں ہوٹل رومز کی فراہمی میں 67.1 فیصد اضافہ ہوگا جو دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے 50ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی ہوٹل پائپ لائن میں 73057 کمرے موجود ہیں جبکہ شیڈول کے مطابق 2021 میں 16965 کمرے آن لائن آئیں گے۔
توقع ہے کہ جدہ کی ہوٹل مارکیٹ میں کمروں کی فراہمی کے حوالے سے 97 فیصد کا اضافہ ہوگا جبکہ 11198 کمرے زیرتعمیر ہیں۔