Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپنا آرڈر بک کرائیں‘ پی آئی اے مدینہ سے کھجوریں لائے گا

قومی ایئر لائن نے عام شہریوں اور کجھوریں درآمد کرنے والوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
کورونا وبا کے باعث آپ خود یا آپ کا کوئی رشتہ دار رواں سال عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہیں گیا اور وہاں کی خاص کھجوریں ابھی تک آپ کے افطار دسترخوان کی زینت نہیں بنیں تو پاکستان کی قومی ایئرلائن اس کا حل لے آئی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اب اپنی کارگو خدمات کے ذریعے پاکستان میں مدینہ کی کھجوریں آرڈر پر فراہم کرے گی۔
اس مقصد کے لیے قومی ایئر لائن نے عام شہریوں اور کھجوریں درآمد کرنے والوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے نے خصوصی رعایتی نرخ متعارف کرائے ہیں تاکہ لوگ گھر بیٹھے مدینہ کی کھجوریں حاصل کر سکیں۔
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ مدینہ کارگو آفس کال کرکے آرڈر بک کروایا جا سکتا ہے۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے گھروں میں کھجوریں بھجوا سکتے ہیں۔
پاکستان میں عموماً جب کوئی حج، عمرے یا سعودی عرب میں ملازمت سے واپس آتا ہے تو وہ اپنے عزیز و اقارب کے لیے کھجوروں کا تحفہ لازمی لاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سعودی عرب کھجوروں کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے بیرون ملک سے پروازوں کا سلسلہ بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے پاکستان سے بھی پروازیں بند ہیں۔ عام مسافروں کے ساتھ ساتھ عمرہ کے خواہش مند افراد بھی سعودی عرب نہیں جا سکتے۔
اس دوران سعودی عرب سے پروازوں کی واپسی جاری ہے جبکہ کارگو سروس پر کوئی پابندی نہیں۔

شیئر: