Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مختلف شہروں میں بارش جمعے تک جاری رہنے کا امکان

بعض علاقوں میں گہرے بادل چھائے رہیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ مزید 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بدھ اکیس اپریل کو مملکت کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں شروع ہونے والی بارش جمعے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔
ویب نیوز عاجل نے ماہرموسمیات ابوعبدالرحمان الحربش کے حوالے سے متوقع موسم کے حوالے سے کہا ہے کہ مدینہ منورہ ، تبوک اور الجوف و شمالی حدود کے علاقوں میں بھی کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ماہر موسمیات الحربش نے مزید کہا کہ موسمیاتی چارٹ کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مملکت کی جانب بڑھنے والے گہرے بادل شمالی اور جنوب مغربی علاقوں میں بھی برسیں گے جبکہ مکہ مکرمہ اور الباحہ کے علاقہ میں بھی کہیں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
دوسری جانب ماہر موسمیات اور قصیم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند نے بھی مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ڈاکٹر المسند کے مطابق جازان ، عسیر ، الباحہ اور مکہ مکرمہ ریجن کے بعض علاقوں میں موسم ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

شیئر: