موسم سرما کا مقبول گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے معروف گلوکاروں نے موسم سرما پر گانے پیش کرکے داد وصول کی ہے۔ معروف گلوکار محمد عبدہ کے چار گانے مقبول ہوئے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق گلوکارعلی عبدالکریم کا ایک گانا ’راح الشتا واجانا شتا وانا انتظاری لی متی‘ (سردی گئی اور سردی آ گئی، میں کب تک انتظار کروں) موسم سرما کے مقبول ترین گانوں میں سے ایک ہے۔
ایک اور فنکار خالد عبدالرحمان نے سردی پر ایسا گانا گایا، جس میں موسم کے اثرات کی تفصیلات کا بھی ذکر ہے جس کے بول ہیں ’والشتا واللیل و البرد والسما یصرخ رعدھا‘ (سردی، رات ٹھنڈک اور آسمان کی گرج چمک)
ایک اور گلوکارعبدالمجید عبداللہ نے موسم سرما پر گانا گایا ہے جس کے بول ہیں ’حی الشتا وحی ماجابہ‘ (موسم سرما کو خوش آمدید یہ اپنے ساتھ جو کچھ لایا اس کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں) سعودی عرب میں یہ موسم سرما کا مقبول ترین گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
سعودی سکالر محمد سلامہ نے بتایا کہ شاعروں نے موسم سرما، اس کی خوابوں بھری راتوں پر بہت سارے گانے تخلیق کیے ہیں۔
گذشتہ صدی کے نویں عشرے میں سعودی گلوکاروں نے موسم سرما کے گانے شائقین کو پیش کیے۔ گلوکار طلال مداح اور محمد عبدہ کے گانے زیادہ مشہور ہوئے۔
دریں اثنا موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ آئندہ سردی کی لہر زیادہ شدید ہوگی۔
الاخباریہ چینل کے معروف پروگرام 120 میں گفتگو کرتے ہوئے القحطانی نے بتایا کہ سردی کی موجودہ لہر کے بعد اور کئی لہریں آئیں گی۔ آئندہ ایام میں سردی اس سے کہیں زیادہ سخت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ موسم سرما کا موسم ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ سردی کے تقریباً 60 دن باقی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ طریف شہر میں درجہ حرارت منفی تین سینٹی گریڈ ہو چکا ہے۔ سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں سب سے زیادہ سردی پڑ رہی ہے۔ سردی کی لہر سب سے پہلے شمالی علاقوں میں ہی آتی ہے۔