توکلنا کے ذریعے بورڈنگ پاس جاری کرانے کا طریقہ کار کیا ہے؟
ایئر پورٹ پر تین مقامات پر توکلنا ایپ دکھانے کے لیے مقرر ہیں ۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی سول ایوی ایشن کے ترجمان ابراہیم الروسا نے فضائی مسافروں کےلیے توکلنا کے ذریعے بورڈنگ پاس جاری کرانے کے طریقہ کارکی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی فضائی مسافر کےلیے لازمی ہے کہ وہ توکلنا ایپ کا کرنٹ اسٹیٹس دکھائے۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا فضائی مسافروں کےلیے توکلنا ایپ کے کرنٹ اسٹیٹس کو سفر کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے بغیر بورڈنگ پاس جاری نہیں کیا جاتا۔
سعودی عرب میں ایئر پورٹ پر تین مقامات پر توکلنا ایپ کو دکھانے کے لیے مقرر کیا گیا ہے ۔
توکلنا ایپ دکھانے کےلیے پہلا گیٹ ایئرپورٹ کے ملازمین کے لیے مخصوص ہے جبکہ دوسرا مرحلہ مسافروں کے لیے ہے جو ایئرلائن کے کاونٹر پر اپنا توکلنا اسٹیٹس دکھا کراس کی کنفرمیشن کے بعد بورڈنگ پاس حاصل کریں گے تیسرے مرحلہ میں جہاز پر سوار ہوتے وقت بھی توکلنا اسٹیٹس دکھانا لازمی ہوگا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سفر کےلیے لازمی ہے کہ جن افراد کے توکلنا ایپ کے کرنٹ اسٹیٹس پر ’محفوظ ‘ کا اسٹیٹس ہو خواہ وہ ویکسینیشن کے ذریعے ہو یا ماضی میں کورونا سے شفایابی کے بعد ’محفوظ ‘ ہو انہیں ہی سفر کرنے کی اجازت ہوگی جن کے اسٹیٹس پر محفوظ نہیں ہوگا وہ سفرنہیں کرسکیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے لیے بورڈنگ کارڈ کے اجرا کو توکلنا ایپ کی رپورٹ سے مشروط کیا ہے۔
شہری ہوابازی نے ایئرلائنز، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ’ وہ پروازوں اور ان کے مسافروں سے متعلق تمام کوائف جلد از جلد لنک کرلیں۔