سعودی رئیل سٹیٹ فنڈ اور نیشنل کمرشل بینک فنانسنگ خدمات فراہم کریں گے
فنانسنگ ایجنسیوں کے ساتھ کیا جانے والا یہ چوتھا معاہدہ ہے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی رئیل سٹیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (آر ای ڈی ایف) نے نیشنل کمرشل بینک (این سی بی) کے ساتھ سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کو مالی اعانت اور رہائش کی خدمات فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق آر ای ڈی ایف کے ذریعے فنانسنگ ایجنسیوں کے ساتھ کیا جانے والا یہ چوتھا معاہدہ ہے جس کا مقصد بے گھر خاندانوں کو اپنے گھر مہیا کرنا اور سعودی خاندانوں کو اپنے مکان کا مالک بنانے کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔
سعودی رئیل سٹیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے جنرل سپروائزر منصور بن مادی نے کہا کہ ’ہم آنے والے وقت میں فنڈ کی تمام شاخوں میں فنانسنگ ایجنسیوں سے اپنے تمام شراکت داروں کی موجودگی کا منتظر ہیں تاکہ سبسڈی والے لون پروگرام میں سعودی خاندانوں کو مالی اعانت اور رہائش کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔‘
واضح رہے کہ سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام کا مقصد 2030 تک سعودی مکانات کی ملکیت کو 70 فیصد تک بڑھانا ہے۔