توکلنا کے ذریعے بورڈنگ پاس، واٹ کا مستقبل اور ڈی پورٹ ہونے پر ویزے سمیت سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے کیا ہوا؟
توکلنا کے ذریعے بورڈنگ پاس، واٹ کا مستقبل اور ڈی پورٹ ہونے پر ویزے سمیت سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے کیا ہوا؟
اتوار 2 مئی 2021 0:09
’توکلنا ‘ پر عمرہ پرمٹ کے بعد ’قیام اللیل‘ کے پرمٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مسافروں کے لیے بورڈنگ پاس، پاکستان سے سعودی عرب کے سفر اور تعمیراتی کام کے نئے ضوابط سے متعلق ویڈیوز جہاں گزشتہ ہفتے کے دوران سعودی عرب میں زیادہ دلچسپی سے دیکھی گئیں، وہیں ویلیو ایڈڈ ٹیکس اور انکم ٹیکس سے متعلق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انٹرویو کا ایک حصہ سب سے بڑی خبر ٹھہرا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران سعودی عرب میں زیادہ دیکھی گئی دیگر خبروں میں ڈی پورٹ ہونے والے کارکن کو نئے ویزے پر بلانا ممکن؟ توکلنا کے ذریعے بورڈنگ پاس کا طریقہ اور 200 ریال کے نئے کرنسی نوٹ کی خبریں شامل رہیں۔
ابہا ایئرپورٹ پر رات کی پروازوں کی بحالی، مسافروں کے بورڈنگ پاس توکلنا پر جاری ہونے اور السعودیہ، گلف ایئر پروازوں کے لیے مارکیٹنگ و ٹکٹوں کی فروخت کی خبریں بھی زیادہ توجہ کا مرکز رہیں۔
مسافروں کے بورڈنگ پاس، پاکستان سے سعودی عرب کا سفر اور تعمیراتی کام کے نئے ضوابط سمیت مقبول ویڈیوز
سعودی عرب سے اہم خبروں کے لیے فضائی سفر کے بارے میں ویڈیوز کو کافی دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ طواف کعبہ کے انتظامات میں شامل خاتون اہلکاروں اور عید کے بعد تعمیراتی کام کے اوقات کار اور نئے ضوابط مقرر کیے جانے کے بارے میں ویڈیوز کو بھی پسند کیا گیا۔
پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عارضی، انکم ٹیکس نہیں لگے گا: شہزادہ محمد بن سلمان
سعودی ٹی وی اورعرب ٹیلی ویژن نیٹ ورک نے منگل 27 اپریل کی شب سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی انٹرویو نشرکیا ہے۔
ولی عہد نے معروف جرنلسٹ عبداللہ المدیفر کو انٹرویو میں سعودی عرب کے وژن 2030 کے پانچ برس مکمل ہونے پر اب تک حاصل کیے جانے والے اہداف، چیلنجز اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔
انہو ں نے کہا کہ ’وژن 2030 سے قبل بے روزگاری کی شرح 14 فیصد تھی جو سال رواں کے دوران گیارہ فیصد تک کم ہوجائے گی۔ 2030 تک بے روزگاری سات فیصد تک کم کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیے ہوئے ہیں‘۔
ولی عہد کے مطابق تیل کے علاوہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی ملکی آمدن 166 ارب ریال سے بڑھ کر 350 ارب ریال تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عارضی ہے۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس اس بات کی علامت ہے کہ سرکاری سبسڈی ایسے افراد کی جیبوں میں نہ جائے جو اس کے مستحق نہیں۔
ڈی پورٹ ہونے والے کارکن کو نئے ویزے پر بلایا جا سکتا ہے؟
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
ایک شخص نے جوازات سے پوچھا ہے اقامہ ایکسپائرہے جبکہ کفیل نے ہروب بھی فائل کردیا۔ وطن واپس کیسے جاسکتا ہوں؟
جوازات کی جانب سےبتایا گیا کہ اس صورت میں آپ کو چاہئے کہ وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے شعبہ ’کارکنوں کے اختلافات ‘ سے رجوع کیا جائے جہاں سے معاملے کا کوئی حل نکالا جائے گا بعدازاں شعبہ ترحیل (ڈیپوٹیشن سینٹر) سے رجوع کریں۔
واضح رہے ہروب فائل ہونے کے 15 دن کے اندر کفیل اسے کینسل کرانے کا مجاز ہے۔ اس مدت کے بعد ہروب ختم کرانے کےلیے وزارت افرادی قوت کا ذیلی ادارہ جو آجر و اجیر کے مابین ہونے والے اختلافات کا جائزہ لینے کے بعد مناسب حل تجویز کرتا ہے۔ کیس دائر کرنا ہوتا ہے جہاں متعلقہ کمیٹی کیس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرتی ہے۔
توکلنا کے ذریعے بورڈنگ پاس جاری کرانے کا طریقہ کار کیا ہے؟
سعودی سول ایوی ایشن کے ترجمان ابراہیم الروسا نے فضائی مسافروں کےلیے توکلنا کے ذریعے بورڈنگ پاس جاری کرانے کے طریقہ کارکی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی فضائی مسافر کےلیے لازمی ہے کہ وہ توکلنا ایپ کا کرنٹ اسٹیٹس دکھائے۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا فضائی مسافروں کےلیے توکلنا ایپ کے کرنٹ اسٹیٹس کو سفر کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے بغیر بورڈنگ پاس جاری نہیں کیا جاتا۔
سعودی مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ مملکت میں 200 ریال کا نیا کرنسی نوٹ متعارف کرایا جارہا ہے۔ نیا نوٹ وژن 2030 کے اعلان کے پانچ برس مکمل ہونے کے موقع پر اتوار 25 اپریل 2021 کو جاری کیا گیا ہے۔
ویب نیوز سبق نے سعودی سینٹرل بینک کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ’ 200 ریال مالیت کا نیا نوٹ انتہائی اعلی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے‘۔
مسافروں کے بورڈنگ پاس توکلنا ایپ کی رپورٹ پر جاری ہوں گے
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے لیے بورڈنگ کارڈ کے اجرا کو توکلنا ایپ کی رپورٹ سے مشروط کیا ہے۔
شہری ہوابازی نے ایئرلائنز، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ’ وہ پروازوں اور ان کے مسافروں سے متعلق تمام کوائف جلد از جلد لنک کرلیں۔ توکلنا ایپ میں مسافروں کی پوزیشن ریکارڈ کی جائے‘۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے یہ ہدایت اس تناظر میں دی ہے کہ سرکاری اور نجی ادارے اب کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی سے کورونا وائرس کے حوالے سے دستاویزی ثبوت طلب کرنے کے بجائے ’توکلنا ایپ‘ پر انحصار کررہے ہیں۔
السعودیہ اور گلف ایئر پروازوں کے لیے مارکیٹنگ اور ٹکٹ فروخت کریں گی
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے مسافروں کے لیے سفر کے متعدد آپشن فراہم کرنے کے لیے گلف ایئر کے ساتھ مشترکہ علامت کا معاہدہ کیا ہے۔
اس کی بدولت السعودیہ اور گلف ایئر کے درمیان سٹراٹیجک شراکت مضبوط ہوگی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں ایئرلائنز اس معاہدے کے تحت مختلف نمبروں کے ساتھ پروازوں کے لیے مارکیٹنگ اور ٹکٹ فروخت کریں گی۔ دونمبروں میں سے ایک السعودیہ اور دوسرا گلف ایئر کا ہوگا۔
السعودیہ اور گلف ایئر مشترکہ علامت کے ذریعے علاقے کے ممالک اور بیرونی دنیا کے لیے پروازوں کا دائرہ وسیع کریں گی۔ اپنے مسافروں کو منفرد معیار کیعرب ضیافت کا بندوبست کریں گی جبکہ سعودی عرب میں زیادہ سے زیادہ ہوائی اڈوں کے لیے آپشن دیں گی۔ دونوں کمپنیاں بین الاقوامی پروازوں پر بھی مسافروں کو کئی آپشن مہیا کریں گی۔