ویکسینیشن کا آغاز گزشتہ برس دسمبرمیں کیا گیاتھا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اب تک 90 لاکھ کے قریب افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ مملکت کے تمام ریجنز میں ویکسینیشن سینٹرزقائم کیے گئے ہیں۔
ویب نیوز سبق نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت میں کورونا سے بچاو کےلیے اب تک 88 لاکھ 35 ہزار 265 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ اس تعداد میں یومیہ بنیاد پر اضافہ ہورہاہے۔
واضح رہے مملکت میں ویکسینیشن کا آغاز گزشتہ برس دسمبر کے دوسرے ہفتے سے کیا گیا تھا۔
ویکسینیشن سے قبل وزارت صحت نے مختلف کیٹگریز بنائی تھیں جن کے تحت پہلے مرحلے میں معمراور بیمار افراد کو شامل کیا گیا تھا دوسرے مرحلے میں 50 برس سے زائد عمر کے افراد شامل تھے۔
ویکسینیشن کے لیے وزارت صحت نے ابتدا میں توکلنا ایپ پر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی تھی تاکہ ویکسینیشن سینٹر میں کسی قسم کا ازدحام نہ ہو اور وہاں آنے والے سماجی فاصلے کے اصول کے تحت ویکسین لگوائیں۔
خیال رہے سعودی عرب میں شہریوں اور غیرملکیوں کے لیے مفت ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ویکسین لگوانے کے لیے وزارت صحت کی مخصوص ایپ پر رجسٹریشن کرنے کے بعد وقت حاصل کیاجاتا ہے ۔ مقررہ وقت پر قریبی سینٹر پہنچ کرویکسین لگوائی جاتی ہے۔