Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام کی لائبریری میں 70 ہزار عنوانوں پر کتابوں کا خزانہ

مطالعے  کے خواہشمندوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں- (فوٹو العربیہ)
مسجد الحرام کی لائبریری میں 70 ہزار سے زیادہ موضوعات پر کتابوں کا انمول خزانہ محفوظ ہے- یہ لائبریری نایاب قلمی نسخوں اور اسلامی علوم و فنون کے اہم ماخذ اور حوالہ جات سے مالا مال ہے۔
یہ شرعی، فقہی، لسانی علوم، علمی مطالعہ جات اور متعدد انسانی علوم و معارف کا اہم سرچشمہ ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حرم شریف کی لائبریری دنیائے اسلام  کی قدیم ترین اہم لائبریریوں میں سے ایک ہے۔
حرم شریف کی لائبریری 161ھ  مطابق 777 کے دوران عباسی خلیفہ محمد المہدی کے عہد میں دوسری صدی ہجری میں قائم کی گئی تھی۔

جدید دور میں حرم شریف کو بڑی اسلامی لائبریری کی حیثیت حاصل ہوئی- (فوٹو العربیہ)

آل سعود کے عہد میں بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے اس لائبریری میں گہری دلچسپی دکھائی- انہوں نے لائبریری کے احوال و کوائف کا جائزہ لینے کے لیے معروف علما کی ایک کمیٹی قائم کی تھی اور 1938 میں اسے حرم مکی کی لائبریری کا نام دیا تھا۔
بانی مملکت نے منتخب کتابوں کے مجموعے کا تحفہ بھی دیا تھا- یہاں سے جدید دور میں اسے بڑی اسلامی لائبریری کی حیثیت حاصل ہوئی۔
مسجد الحرام کی لائبریری دنیائے اسلام کے سکالرِز میں مشہور ہے- ریسرچ سینٹر، ایم اے اور پی ایچ ڈی کے مقالات، سہ ماہی و ششماہی علمی مجلات، اخبارات و رسائل اور تمام مطالعہ جاتی سہولتیں سکالرز اور مطالعے  کے شائقین کو فراہم کررہا ہے۔
حرم شریف کی لائبریری خواتین و حضرات کو متعدد سہولتیں مہیا کرتی ہے- دانشور، سکالر اور پروفیسرز اس سے استفادہ کر رہے ہیں- یہاں نابیناؤں کے لیے بریل زبان میں مطبوعات موجود ہیں۔
استقبالیہ مرکز بھی ہے، کتابوں کے مطلوبہ صفحات کی تصویر کی سہولت مہیا ہے- علاوہ ازیں مقدس مساجد میں جمعے کے خطبات، لیکچرز، وعظ اور حرم شریف کے دالانوں میں قرآن پاک کی تلاوت کے آڈیو وڈیوز بھی محفوظ ہیں۔

کتابیں اور قلمی نسخے نقل کرنے کے لیے جدید ترین مشینیں مہیا کی گئی ہیں- (فوٹو العربیہ)

حرم شریف کی لائبریری میں 70 ہزار عنوانوں پر کتابوں کا خزانہ سجا ہوا ہے۔
لائبریری بارکوڈ کے ذریعے معیاری خدمات کا معیار جانچنے کا اہتمام بھی کر رہی ہے- سمارٹ لائبریری کا تصور نافذ کیے ہوئے ہے- کتابیں اور قلمی نسخے نقل کرنے کے لیے جدید ترین مشینیں مہیا کی گئی ہیں۔
لائبریری رمضان المبارک کے دوران مطالعے  کے خواہشمندوں کو تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے- یہ رمضان میں روزانہ صبح دس بجے سے سہ پہر تین بجے تک اور پھر رات 8 بجے سے  ایک بجے تک کھلتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: