جہاں دنیا کو ماحولیاتی آلودگی سے خطرہ لاحق ہے وہیں کوڑا کرکٹ اس آلودگی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسلام آباد کے پہاڑ اور اس کے ٹریلز سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں، سیاح اکثر شام کو ان پہاڑیوں کی جانب آتے ہیں لیکن بد قسمتی سے یہاں بھی جگہ جگہ کین اور پلاسٹک بیگز پڑے نظر آئیں گے۔
برطانیہ کے سفیر کرسچن ٹرنر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اسلام آباد کو صاف رکھنے کی تاکید کر رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’کھانا بانٹنے کے لیے ہوتا ہے نہ کہ گندگی پھیلانے کے لیے، کوڑے کے دو بیگز مارگلہ سے اکھٹے کیے، براہ کرم خوبصورت اسلام آباد کو صاف رکھنے میں مدد کریں۔‘
Meals are for sharing not littering. Two bags of rubbish collected on Margallas #FridayMorningWalk - please help keep beautiful Islamabad clean cc @hamzashafqaat @dcislamabad @CleanGreenPK pic.twitter.com/jHcvUWxO1c
— Christian Turner (@CTurnerFCDO) April 30, 2021
برطانوی سفیر کی ٹویٹ کے بعد کئی صارفین نے ماحول کو صاف رکھنے کے حوالے سے ٹویٹ کیے۔
ٹوئٹر صارف ظفر زیدی نامی صارف نے لکھا کہ ’پڑھے لکھے جاہل یہ حرکت کریں تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔‘
صارفین جہاں صفائی کا درس دیتے دکھائی دئے وہیں کچھ صارفین اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ کو اس مسئلے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے نظر آئے۔
صارف بابر علی شاہ نے لکھا کہ ’اسلام آباد کی انتظامیہ کے لیے صفائی سب سے اہم ہونی چاہیے، دارالحکومت کی ہریالی کے لیے یہ تباہ کن ہے۔‘
برطانوی سفیر کی ٹویٹ پر گفتگو آگے بڑھی تو صارفین ان کے اس عمل کو سراہتے نظر آئے اور دلچسپ تبصرے کیے۔