Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے آسٹریلیا آنے والوں کو پانچ برس قید اور جرمانے کی سزا

آسٹریلیا سمیت کئی ملکوں نے کورونا کے باعث انڈیا سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ سے بری طرح متاثرہ انڈیا سے آنے والے افراد کو ملک میں داخلے پر پانچ برس قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی حکام نے کہا ہے کہ پیر سے کوئی بھی ایسا شخص جو گزشتہ 14 دنوں کے دوران انڈیا میں رہا ہو اگر ملک میں داخل ہوا تو اس کو قید اور جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ہی انڈیا سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے جو کم از کم 15 مئی تک لاگو ہے۔
آسٹریلیا نے قید اور جرمانے کی سزا کا اعلان اس وقت کیا جب ملک میں بالواسطہ پروازوں کے ذریعے انڈیا سے آنے والے مسافروں کا پتا چلا۔
وزیر صحت گریگ ہنٹ نے پابندی کی خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ ’حکومت نے یہ فیصلے آسانی سے نہیں کیے۔‘
انڈیا میں کورونا وائرس کے غیر معمولی پھیلاؤ سے انسانی بحران نے جنم لیا ہے اور دنیا کے متعدد ملکوں نے وہاں سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی ہے۔

شیئر: