کئی ماہ سپیس سٹیشن پر گزارنے والے چار خلا باز اپنے سپیس ایکس کریو ڈریگون کیپسول کے ذریعے اتوار کو علی الصبح فلوریڈا کے قریب سمندر میں اترے تو یہ گزشتہ 50 برسوں میں پہلی بار تھا کہ رات کے وقت خلا باز یوں زمین پر پہنچے ہوں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے حوالے سے بتایا ہے کہ زمین پر پہنچنے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ انٹریشنل سپیس سٹیشن پر تقریبا چھ ماہ پر مشتمل مشن کے بعد زمین پر پہنچنے کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
سپیس ایکس: راکٹ کی خلائی سٹیشن روانگیNode ID: 482041
-
ناسا نے سعودی عرب کے جزائر کی تصاویر جاری کر دیںNode ID: 557496
پانامہ شہر کے قریب خلیج میکسیکو میں اترنے والا کیپسول زمین پر علی الصبح دو بج کر 56 منٹ (گرین وچ مین ٹائم 6:56) پر اترا تو اس وقت اسے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے پرواز شروع کیے ہوئے ساڑھے چھ گھنٹے ہو چکے تھے۔
خلیج میکسیکو میں موجود ٹیمیں کیپسول تک پہنچیں جس کے نصف گھنٹے بعد اسے عرشے پر منتقل کیا جا چکا تھا۔ یہ 1968 میں اپالو8 مشن کے بعد ناسا کی جانب سے رات میں کی گئی پہلی لینڈنگ ہے۔
کیپسول کھلنے کے بعد سب سے پہلے باہر آنے والے کمانڈر مائیکل ہوپکنز تھے، ان کے بعد ناسا کے خلا باز وکٹر گلوور عرشے پر پہنچے۔
ناسا کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ میں ہوپکنز کا کہنا تھا کہ ’ہم کریو ون اور اپنے اہلخانہ کی جانب سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جب لوگ اکٹھے ہوں تو جو کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے وہ مزے دار ہوتا ہے۔ مبارک ہو، آپ سب دنیا کو بدل رہے ہیں، واپس پہنچنا بہت اچھا ہے‘۔
ناسا کے خلا باز شینن واکر اور جاپان کے سوئشی نوگوچی بھی خلا سے واپس پہنچنے والے چار افراد میں شامل ہیں۔
ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیسلن کا کہنا تھا ’وکٹر، مائیکل، شینن اور سوئشی واپسی پر خوش آمدید، ناسا اور سپیس ایکس کی ٹیموں کو مبارکباد جنہوں نے محفوظ اور کامیاب واپسی کے لیے سخت محنت کی‘۔
ان کے مطابق ہم نے امریکہ اور اپنے بین الاقوامی اور تجارتی شراکت داروں کے لیے ایک اور خلائی سفر مکمل کیا ہے۔ محفوظ اور قابل بھروسہ سفر وہ وژن تھا جو کمرشل کریو پروگرام لانچ کرتے وقت ناسا کے پیش نظر تھا۔
"All four crew members are doing really well. We got the capsule on board — Resilience on board — SpaceX's recovery ship without any trouble." — Holly Ridings, chief flight director, @NASA_Johnson, on tonight's Crew-1 mission splashdown. pic.twitter.com/koCCG8o1o8
— NASA (@NASA) May 2, 2021
ناسا کے مطابق چاروں خلا باز گشتہ برس نومبر میں ایلن مسک کے سپیس ایکس کی بنائی گئی سواری کے ذریعے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس دوران انہوں نے 168 روز میں 11 کروڑ 46 لاکھ کلو میٹر سفر کیا، اس میں وہ 167 دن بھی شامل ہیں جو خلائی سٹیشن پر گزارے گئے۔
امریکی خلائی ادارے کے مطابق ضروری طبی معائنے کے بعد چاروں خلا باز ہیلی کاپٹر کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کیے جائیں گے جہاں وہ اپنے اہلخانہ سے مل سکیں گے۔
لینڈنگ کے بعد دی گئی نیوز بریفنگ میں ناسا کی چیف فلائٹ ڈائریکٹر ہولی رائیڈنگز کا کہنا تھا کہ چاروں افراد صحت کی بہترین حالت میں ہیں۔
