Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو ماہ سے خلائی سٹیشن میں پھنسے خلابازوں کی واپسی، ’ڈولفنز نے استقبال کیا‘

خلائی جہاز میں خرابی کے باعث خلابازوں کو ایک ہفتے کے بجائے نو ماہ خلا میں گزارنا پڑے (فوٹو: روئٹرز)
 نو ماہ سے خلا میں پھنسے ناسا کے دو خلاباز بالآخر زمین پر اترنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بوچ ولمور وار ولیمز سپیس ایکس کے کیپسول کے ذریعے فلوریڈا کے ساحل کے قریب اترے۔
 جون میں جانے والے ان خلابازوں  کے خلائی جہاز میں خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ وہاں پھنس گئے تھے اور ایک ہفتے کا قیام انتہائی طویل ہوا۔
ان کی واپسی ایک طویل خلائی مشن کے بعد ممکن ہوئی ہے، جس میں تکنیکی پریشانیاں بھی سامنے آئیں اور غیریقینی کی صورت حال بھی سر اٹھاتی رہی اور خلائی جہاز کی خرابی نے ناسا کی ناکامیوں کو موضوع بحث بنایا۔
ولمور اور ولیمز ناسا سے تعلق رکھنے والے سینیئر خلاباز ہیں اور دونوں نیوی کے ریٹائرڈ پائلٹس ہیں۔
ان دونوں کو خلا میں بھجوانے کے لیے جون میں ایک خلائی جہاز کا انتظام کیا گیا تھا اور اس کو آٹھ روز پر مشتمل ایک ٹیسٹ مشن قرار دیا گیا تھا۔
تاہم صورت حال میں تبدیلی اس وقت آئی جب خلائی جہاز میں خرابی پیدا ہو گئی اور ان کی واپسی میں خاصی تاخیر ہو گئی۔
منگل کی صبح ولمور، ولیمز اور ایک اور خلاباز نے سفر کا آغاز کیا تھا اور 17 گھنٹے کے سفر کے بعد وہ واپس پہنچے۔

سپیس ایکس ڈریگن نے فلوریڈا کے ساحل کے قریب لینڈنگ کی (فوٹو: ناسا)

ان کی واپسی کے حوالے سے ناسا سے وابستہ خلاباز نِک ہیگ کا کہنا ہے کہ ’یہ کیا زبردست سواری تھی۔‘
وہ کیپسول میں موجود نو افراد پر مشتمل اس کریو کے کمانڈر ہیں جس نے سفر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے کیپسول کو ایک سے دوسرے کونے تک مکمل طور پر بھرا ہوا دیکھا۔‘
ان خلابازوں کو ناسا کے جہاز کے ذریعے ناسا کے ہیڈکوارٹر لے جایا جائے گا جہاں ان کا طبی معائنہ ہو گا اور وہاں سے اجازت ملنے کے بعد وہ اپنے گھروں کو لوٹ سکیں گے۔
ناسا کے کمرشل کریو پروگرام کے سربراہ سٹیو سٹٰیچ نے صحافیوں کو بتایا کہ اب وہ اپنی فیملیز کے ساتھ وہ اچھا وقت گزاریں، جس کے یہ حقدار ہیں۔
ان کے مطابق ’یہ ان کے لیے ایک لمبا اور مشکل وقت تھا۔‘

ڈولفنز نے استقبال کیا

خلابازوں کی ساحل پر واپسی کے وقت اس وقت دلچسپ صورت حال دیکھنے کو ملی جب اسی وقت سمندر میں چند ڈولفنز اچھلتی کودتی دکھائی دیں، جس پر کچھ ایسا لگا کہ جیسے استقبال کر رہی ہوں۔

خلابازوں کی واپسی کے وقت سمندر میں ڈولفنز کی اچھل کود کو دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے (فوٹو: ناسا)

یہ مچھلیاں پیس ایکس ڈریگن کے قریب ابھریں، جو فوراً ہی کیمروں کی نظر میں آ گئیں اور جب ان کی تصویریں شیئر ہوئیں تو سوشل میڈیا صارفین نے ان کو ’گھر واپسی پر خوشی‘ والی کیفیت سے جوڑا۔
ناسا کی جانب سے ڈولفن کی ویڈیو ایکس پر شیئر کی گئی ہے اور اس کو ’ڈولفنز کی جانب سے خلابازوں کا استقبال‘ قرار دیا گیا ہے اور اپنی پوسٹ کے آخر میں ڈولفن کا ایموجی بھی لگایا ہے۔
یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور 18 لاکھ بار دیکھی گئی جبکہ سوشل میڈیا صارفین اس پر دلچسپ کمنٹس کر رہے ہیں۔

شیئر: