آئی پی ایل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ ٹورنامنٹ کی گورننگ کونسل اور بی سی سی آئی کی اعلیٰ انتظامیہ نے متفقہ طور پر کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بی سی سی آئی کھلاڑیوں، سٹاف اور دیگر شراکت داروں کی خفاظت پر سمجھوتا نہیں کرنا چاہتی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’انڈیا کے لیے خاص طور پر یہ مشکل وقت ہے۔ ہم نے خوشی لانے کی کوشش کی، تاہم ٹورنامنٹ کو اب ملتوی کرنا ضروری تھا۔ ہر کوئی اس کٹھن وقت میں اپنے گھر والوں کے پاس واپس جائے گا۔‘
’بی سی سی آئی، آئی پی ایل میں شریک تمام لوگوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔‘
واضح رہے کہ انڈیا میں بائیو سکیور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں میں کورونا مثبت پایا گیا تھا جس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پیر کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز کا ملتوی کر دیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
پیر کو فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ورون چکرورتی اور سندیپ واریئر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد پیر کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز کے درمیان احمد آباد میں ہونے والا میچ آغاز سے چند گھنٹے پہلے ملتوی کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ منگل کو وبا سے نبرد آزما انڈیا میں کورونا کیسز کی تعداد دو کروڑ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو انڈیا میں کورونا کے تین لاکھ 50 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جبکہ اس تباہ کن لہر نے ہسپتالوں کا نظام مفلوج کر دیا ہے اور طبی آکسیجن جیسے اہم وسائل کو ختم کر دیا ہے۔
انڈیا کی حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے منگل کو کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دو کروڑ سے بڑھ جانے پر ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔