Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان کا آخری جمعہ

دونوں مقدس مساجد میں کورونا ایس او پیزکی پابندی کے لیے انتظامات تھے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ہزاروں سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے رمضان کا آخری جمعہ مسجد الحرام مکہ  مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں ادا کیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام میں جمعے کی نماز شیخ ڈاکٹر سعود الشریم نے پڑھائی۔ انہوں نے جمعے کا خطبہ رمضان کے باقی ماندہ ایام کے دوران نیک کاموں کی ترغیب کے موضوع پر دیا۔ 
مسجد نبوی میں جمعے کی نماز امام و خطیب شیخ حسین آل الشیخ نے پڑھائی۔ انہوں نے جمعے کا خطبہ دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی دنیا بھر کے مسلمانوں اور انسانوں کو کورونا وبا سے نجات دے۔
مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں جمعے کی نماز شروع ہونے سے قبل ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔ نمازی بھی حفاظتی ماسک پہن کر پہنچے تھے جبکہ نماز کے دوران سماجی فاصلہ قائم کیے ہوئے تھے۔  
دونوں مقدس مساجد کے دروازوں پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے تھرمل کیمرے لگے ہوئے تھے۔ اس کے باوجود دونوں مقدس مساجد میں سیکیورٹی اہلکار کورونا ایس او پیز کی پابندی کے لیے مسلسل چوکس تھے۔ 

شیئر: