ہرارے ٹیسٹ: پاکستان کو سیریز جیتنے کے لیے ایک وکٹ درکار
پاکستان کو پہلی اننگز میں 378 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔ (فوٹو: کرک انفو)
پاکستانی بولرز کی زبردست بولنگ کی بدولت پاکستان دوسرے ٹیسٹ میں بھی زمبابوے کو اننگز کی شکست سے دوچار کرنے کے قریب ہیں۔
ہرارے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر زمبابوے کی ٹیم فالو ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنا لیے ہیں۔
زمبابوے کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اب بھی 158 رنز درکار ہیں جب کہ پاکستان میچ اور سیریز کی فتح سے صرف ایک وکٹ کی دوری پر ہے۔
دوسری اننگز میں پاکستان کے نعمان علی نے زمبابوے کی بیٹنگ کے پرخچے اڑا کر رکھ دیے۔ نعمان علی نے 21 اوورز میں 86 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 45 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
زمبانوے کی جانب سے ریگس چاکبوا نصف سینچری سکور کرکے نمایاں رہے۔ انہوں نے 80 رنز بنائے۔
برینڈن ٹیلر 49 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جب کہ کیون کاسوزا 22 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت زمبابوے کی پوری ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کھیل کے تیسرے روز زمبابوے نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 52 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو صرف ایک رن کے اضافے کے بعد ٹنڈائی چسورو حسن علی کا شکار ہو گئے۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے سکور 510 رنز کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ حسن علی نے 27 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی۔ پاکستان کو پہلی اننگز میں 378 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔
زمبابوے کی پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ شاہین آفریدی اور تابش خان کو ملی۔
پہلی اننگز میں زمبابوے کی جانب سے ریگس چکبوا 33 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈونلڈ تریپانو نے 23، لیوک جونگوی نے 19 اور رچرڈ نگاروا نے 15 رنز اسکور کیے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں عابد علی کی شاندار ڈبل سنچری اور اظہر علی سنچری کی بدولت 510 رنز اسکور کیے تھے۔