انڈیا میں سمندری طوفان ’توکتے‘ سے چھ اموات
ریاست کیرالہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 23 ماہی گیر لاپتہ ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سمندری طوفان ’توکتے‘ کے سبب ہونے والی بارشوں اور طوفانی ہواؤں سے انڈیا میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ’توکتے‘ طوفان انڈیا کے مغربی ساحل سے شمال کی طرف سفر کر رہا ہے جو کہ شدید بارشوں، طوفان اور تیز ہواؤں کا باعث بن رہا ہے۔
حکام نے ساحلی علاقوں سے لوگوں کا انخلا شروع کردیا ہے۔ گوا، ممبئی اور کیرالا میں طوفانی ہوائیں اور موسلا دھار بارش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان پیر کی رات تک گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔
ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کرناٹک میں شدید بارشوں سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔ اتھارٹی کے حکام کے مطابق ریاست میں کئی گاؤں زیر آب آگئے ہیں۔
پڑوسی ریاست کیرالہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 23 ماہی گیر لاپتہ ہیں۔
گجرات کے ساحلی اضلاع میں 75 ہزار افرد کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ حکام کے مطابق گجرات میں جاری ویکسینیشن مہم پیر اور منگل کو معطل رہے گی۔
طوفان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب انڈیا پہلے ہی سے کورونا وبا کی تباہ کن لہر کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کا نظام صحت کورونا کے بوجھ تلے درہم برہم ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
ایک کروڑ 30 لاکھ آبادی والے ملک میں اتوار کو تین لاکھ 11 ہزار 170 نئے مریض سامنے آئے جب کہ چار ہزارافراد اس وبا سے ہلاک ہوگئے۔
ملک میں اب تک اس وبا سے دو لاکھ 70 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
گزشتہ سال مئی کے مہینے میں سپر سائیکلون ’امپھان‘ کی وجہ سے مشروقی انڈیا میں 110 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔