ایمریٹس برطانیہ کی ریڈ لسٹ سے نکلنے کے لیے پرامید
ایمریٹس ایئرلائن اس سال کے آخر تک وبا سے قبل کے اپنی 70 فیصد فلائٹس کی بحالی کی توقع کر رہی ہے (فوٹو: شٹر سٹاک)
ایمریٹس ایئرلائن کے چیئرمین نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ ہفتے تک متحدہ عرب امارات برطانیہ کی سفری پابندیوں کے حوالے سے ریڈ لسٹ سے نکل سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شیخ احمد بن سعید المختوم نے یہ انکشاف رواں ہفتے دبئی میں بلومبرگ ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’انہیں امید ہے کہ متحدہ عرب امارات کو اگلے ہفتے کے اندر برطانیہ کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔‘
برطانیہ نے رواں ہفتے سے بیرون ملک سفر دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی ہے اور مقامات کی سرخ، گہرے زرد یا سبز رنگ سے نشان دہی کی گئی ہے۔ ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کے سفر پر جانے والے مسافروں کو لازمی طور پر 10 دن کے ہوٹل قرنطینہ، روانگی سے پہلے ٹیسٹ اور برطانیہ واپسی پر دو پی سی آر ٹیسٹوں کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کے خیال میں برطانیہ یہ بتانے کے حوالے سے کافی شفاف ہے کہ کہ کسی ملک کو ریڈ لسٹ سے کسی دوسری لسٹ میں شامل ہونے کے لیے کون سے اقدامات کرنے ضروری ہیں، ایمریٹس کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایسا نہیں لگتا۔ یہ سمجھنا بہت مشکل ہے۔ میرا خیال ہے کہ ہم نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ آج ویکسینیشن کے حوالے سے یو اے ای ٹاپ تین ممالک میں شامل ہے۔‘
’ہمارے یہاں ڈیڑھ لاکھ سے زائد برطانوی شہری مقیم ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اپنے ملک واپس جانا چاہتے ہیں۔‘
برطانوی سیاح طویل عرصے سے امارات کی سیاحت کی آمدنی کا اہم ذریعہ رہے ہیں۔ تاہم رواں سال جنوری کے وسط سے ہی متحدہ عرب امارات برطانیہ کی سفر کے لیے ریڈ لسٹ میں شامل ہے۔
شیخ احمد بن سعید المختوم نے انٹرویو کے دوران یہ بھی انکشاف کیا کہ ایمریٹس ایئرلائن اس سال کے آخر تک وبا سے قبل کے اپنی 70 فیصد فلائٹس کی بحالی کی توقع کر رہی ہے۔