Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی گولڈ مارکیٹ میں سونے کے نرخ کیوں بڑھ گئے؟

سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی شکل میں سرمایہ محفوظ کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی گولڈ مارکیٹ میں گذشتہ چار ماہ کے دوران پہلی مرتبہ سونے کے نرخوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ڈالر کی قدر اور شیئرز کے نرخوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سرمایہ کار زیادہ خسارے والے شعبوں کے بجائے پھر سونے کی شکل میں اپنا سرمایہ محفوظ کرنے لگے ہیں۔ یہ رجحان بعض ایشیائی ممالک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور افراط زر میں اضافے کے باعث دیکھنے میں آیا ہے۔
ڈالر کی قدر دیگر کرنسیز کے مقابلے میں زیرو پوائنٹ 19 فیصد کم ہوئی ہے جبکہ امریکہ کے سرکاری بانڈز کی آمدنی میں بھی کمی واقع ہوئی ہے- 
سونے کے نرخوں میں اضافہ سعودی عرب ہی نہیں پوری دنیا میں ہوا ہے۔ منگل کے لین دین میں ایک اونس سونے کی قیمت میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا جو سات جنوری 2021 کے مقابلے میں نیا ریکارڈ ہے۔
چاندی کی قیمت میں 0.909 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ کاپر کی قیمت 0.0570 فیصد بڑھی ہے۔  
منگل کو سعودی عرب میں 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 225.31 ریال، 22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 206.50 ریال رہی۔
21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 197.12 ریال، اسی طرح 18 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 168.96 ریال رہی۔ اسی طرح ایک اونس سونے کی قیمت منگل کو 7007.03 ریال رہی جبکہ ایک تولہ سونا 2627.63 ریال میں دستیاب تھا۔

شیئر: