سعودی عرب میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی تیاریاں
کورونا وبا سے قبل فیسٹیول مارچ 2020 میں منعقد ہونا تھا تاہم بعد میں ملتوی کر دیا گیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 11 سے 20 نومبر کے دوران ہوگا۔ افریقی، ایشین اور عربی فلموں کو فیسٹیول میں شامل کرنے کے لیے 18 مئی سے 18 اگست تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور العربیہ نیٹ کے مطابق ریڈ سی انٹرنیشنل فلمم فیسٹیول پروگرام کے مطابق سعودی عرب کے تاریخی شہر جدہ میں ہوگا اور اس میں فلموں کے شائقین اور فلمساز بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
فلم فیسٹیول کو کورونا وبا شروع ہونے سے پہلے مارچ 2020 میں منعقد کیا جانا تھا، تاہم اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول میں 11 کیٹیگریز میں بین الاقوامی اور عرب فلمیں پیش کی جائیں گی۔ سعودی عرب سے طویل، مختصر اور تجرباتی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ کلاسک فلموں کے شوز بھی ہوں گے۔
بہترین طویل فلم پر گولڈن ایوارڈ دیا جائے گا جو ایک لاکھ ڈالر کا ہوگا۔ بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ 30 ہزار ڈالر جبکہ جج کمیٹی ایوارڈ 20 ہزار ڈالر پر مشتمل ہوگا۔
علاوہ ازیں بہترین مختصر فلم کا الیسر گولڈن ایوارڈ 25 ہزار ڈالر کا ہوگا۔ اس کے علاوہ بہترین سیناریو، بہترین اداکار، اداکارہ اور شاندار فلمی شراکت پر بھی ایوارڈ جاری ہوں گے۔
ریڈ سی فلم فیسٹول عوامی ایوارڈ بھی جاری کرے گا جبکہ بہترین سعودی فلم کا ایوارڈ بھی رکھا گیا ہے۔