Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں تعمیر و ترقی کے لیے مشترکہ پروگرام کا آغاز

متعدد نئے منصوبے متعارف کروائے جائیں گے (فوٹو اے ایف پی)
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن (ایس ڈی آر پی وائی)  اور اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) نے یمن کی تعمیر و ترقی کے لیے مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس پروگرام کا مقصد یمنی حکومت اور دوسرے شراکت داروں کے تعاون سے یمن کی تعمیر نو کے لیے ترقیاتی کوششوں کو متحد کرنا ہے۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر حجار اور سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام کے جنرل سپر وائزرمحمد بن سعید الجابر نےمعاہدے پر دستِخط کیے۔
ڈاکٹر بندر حجار نے امید ظاہر کی کہ یمن میں معاشرتی و معاشی ترقی کو سہارا دینے کے لیے ایس ڈی آر پی وائی اور آئی ڈی بی کے مابین مزید تعاون کے لیے یہ پروگرام ایک نقطۂ آغاز ثابت ہو گا خصوصاً ان مشکل حالات جن سے یمن گزر رہا ہے۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر حجار کا کہنا تھا کہ ’ہم نے تعاون کے متعدد شعبوں کی نشاندہی کی ہے اور ہم مشترکہ طور پر نافذ کردہ پروگراموں میں انہیں منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔‘
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام کے جنرل سپر وائزر محمد بن سعید الجابر نے کہا کہ یہ پروگرام یمن میں ترقی اور تعمیر نو کے لیے روڈ میپ بنانے میں یمنی حکومت کی کوششوں کی سپورٹ کرے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب، سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے ذریعے یمن کی ترقی، تعمیر نو اور براہ راست معاشی مدد میں سب سے بڑا شراکت دار ہے جس میں تعلیم، صحت، پانی، توانائی، زراعت اور ماہی گیری، نقل و حمل اور تعمیراتی سیکٹر میں 200 کے قریب ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
نیا پروگرام یمنی حکومت کے تعاون سے موجودہ مشترکہ منصوبوں میں توسیع کرے گا اور اس میں متعدد نئے منصوبے متعارف کروائے جائیں گے جن میں خواتین اور نوجوانوں کی خودمختاری،خواندگی، دیہی نمو اور کورونا کی عالمی وبا کا مقابلہ کرنا شامل ہیں۔

شیئر: