مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی ترکی الشیخ سے ملاقات
ترکی الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد کے تہنیتی پیغامات پہنچائے۔ (فوٹو عرب نیوز)
مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی سےگذشتہ روز پیر کو قاہرہ میں سعودی شاہی عدالت کے مشیر ترکی الشیخ سے ملاقات کی ۔
عرب نیوز کے مطابق اس موقع پر صدر عبدالفتاح السیسی نے مصر اور سعودی عرب کے تعلقات کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط اور گہرے روابط استوار ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی شاہی عدالت کے مشیر ترکی الشیخ جو سعودی عرب میں جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ کے چیئرمین بھی ہیں، نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو سعودی عرب کے حکمران شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے تہنیتی پیغامات پیش کئے۔
مصرکے ایوان صدر کے مطابق اس ملاقات میں صدر السیسی نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تمام سطحوں پر پائی جانیوالی شراکت کو سٹریٹجک اور تعمیری قرار دیا ہے۔
اس موقع پر صدر عبدالفتاح السیسی نے یہ بھی کہا ہے کہ مصر اور سعودی عرب کی حکومتوں اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون کے باعث ترقی کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔