مسئلہ فلسطین کے حل سے دہشت گردوں کے حوصلے پست ہونگے، سیسی
قاہرہ۔۔۔ مصری صدر عبدالفتح السیسی نے کہا ہے کہ ان کا ملک عراق کے اتحاد و سالمیت کا حامی ہے۔ مصر کو پورا بھروسہ ہے کہ عراق کے ریاستی ادارے تمام رکاوٹوں پر قابو پالیں گے اور اپنے یہاں تمام گروپوں ، فرقوں اور جماعتوں کی نمائندہ حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ وہ مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں پہلی یورپی عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے عراقی صدر برہم صالح سے گفتگو کررہے تھے۔ مصری صدر نے یورپی عرب سربراہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین اسرائیل تنازع کا سلسلہ سنگین نتائج کا باعث بنے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ہمیں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے صف بستہ ہونا ہوگا۔ مصری صدر نے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع کے حل سے انتہاپسند اور دہشت گرد طاقتوں کے حوصلے پست ہونگے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ تنازعات کو لاینحل چھوڑنا کو تاہی ہے ، آنے والی نسلیں اس پر ہمارا احتساب کریں گی۔