مصر اور مملکت ، ایران کی مزاحمت کیلئے پرعزم
قاہرہ .... سعودی عرب اور مصر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عرب ممالک کے اندرونی امور میں ایران کی مداخلت کا مقابلہ ہر قیمت پر کیا جائیگا اور قطر کے ساتھ مصالحت کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔ یہ فیصلہ سعودی ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے منگل کو قاہرہ میں رسمی مذاکرات کے دوران کیا۔ سعودی ولی عہد نے قاہرہ کے الاتحادیہ محل میں مصری صدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے وفود نے سعودی ولی عہد کے الاتحادیہ محل پہنچنے پر مصر کے وزراءاور اعلیٰ عہدیداروں نے ان سے مصافحہ کیا۔ مصری صدر نے سعود ولی عہد کے ہمراہ وفد کے ارکان سے ہاتھ ملایا۔اس موقع پر سعودی ولی عہد اور مصری صدر کی یادگار تصاویر لی گئیں۔ مصری صدر اور سعودی ولی عہد نے ون ٹو ون ملاقات کی۔ اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کوخادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ مصری صدر نے انہیںشاہ سلمان کیلئے خیر سگالی کا پیغام حوالے کیا۔ اس کے بعد دونوں رہنماﺅں نے دونوں ملکوں کے وفود کی موجودگی میں وسیع سطحی اجلاس کیا۔ فریقین نے دونوں برادر ملکوں کے تاریخی تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں خطے کے حالات حاضرہ اور ان کے حوالے سے صرف کی جانے والی مشترکہ مساعی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ سعودی ولی عہد پیر اور منگل کی درمیانی شب منامہ سے مصر کے دورے پر قاہرہ پہنچے تھے جہاں انکا شاندار عوامی و سرکاری استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد مصر کا دورہ مکمل کرکے منگل کو قاہرہ سے روانہ ہوگئے۔