اسرائیل میں مدمقابل اتحاد بنانے کے قریب، کیا بنیامین نتن یاہو کی حکومت کا خاتمہ ممکن ہے؟
یائر لاپید کی حکومت بنانے کی ڈیڈ لائن تین جون کو ختم ہو رہی ہے (فوٹو روئٹرز)
اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کے مدمقابل یائر لاپید ایک دوسری سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد بنانے کے قریب ہیں اور ایسی صورت میں بنیامین نتن یاہو کی 12 سالہ حکومت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یائر لاپید کی حکومت بنانے کی ڈیڈ لائن تین جون کو ختم ہو رہی ہے۔
ان کی کامیابی کا زیادہ تر انحصار دائیں بازو کے سیاستدان نفتالی بینیٹ کے ساتھ اتحاد پر ہے جو ایک ’کنگ میکر‘ ہیں جن کی جماعت یمینا کی پارلیمنٹ میں چھ اہم سیٹیں ہیں۔
توقع کی جارہی ہے کہ 49 سالہ نفتالی بینیٹ اتوار کو اعلان کریں گے کہ وہ یش اتید پارٹی کے رہنما یائر لاپید کے ساتھ اتحاد بنائیں گے یا نہیں۔ لیکن پہلے انہیں اپنے ممبران کے ساتھ بات کرنی ہوگی۔
یمینا پارٹی نے سنیچر کو اعلان کیا تھا کہ نفتالی بینیٹ اتوار کو اپنے ممبران سے ملیں گے۔
غزہ میں کشیدگی سے پہلے یائر لاپید کے نفتالی بینیٹ کے ساتھ معاہدے کے فائنل ہونے کی رپورٹس سامنے آ رہی تھیں۔ نفتالی بینیٹ نے کہا تھا کہ اس صورتحال میں وہ مرکز اور بائیں بازو کے ساتھ اتحاد بنانے کی کوششوں کو ترک کر رہے ہیں۔
سیز فائر ہونے کے بعد اسرائیل میں یہودیوں اور اور عرب اسرائیلیوں کے درمیان کشیدگی بھی کم ہوگئی ہے اور یائر لاپید اور نفتالی بینیٹ کے درمیان اتحاد کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔
اگر یائر لاپید تین جون تک حکومت نہ بنا سکے تو اسرائیل میں 2019 کے بعد یہ پانچواں الیکشن ہو سکتا ہے۔