وزارت اسلامی امور نے مزید آٹھ مساجد بحال کردیں
114 روز کے دوران ایک ہزار 433 مساجد کو بحال کیا جا چکا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت ورہنمائی نے پانچ علاقوں میں عارضی طور پر بند کی جانے والی آٹھ مساجد کو سینیٹائز کرکے بحال کیا ہے۔ یہ مساجد نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے پر بند کی گئی تھیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 114 روز کے دوران ایک ہزار 433 مساجد کو سینیٹائز کرکے بحال کیا جا چکا ہے۔ نمازیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر وائرس کے اثرات کی صفائی کے لیے عارضی طور پر مساجد بند کی جاتی ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے رپورٹ جاری کرکے بتایا کہ پیر کو جو 8 مساجد بحال کی گئی ہیں ان میں سے 2، 2 کا تعلق قصیم، ریاض، مدینہ منورہ اور ایک، ایک کا شرقیہ اور عسیر سے ہے۔
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ نمازیوں کی صحت و سلامتی اور صفائی نیز اصلاح و مرمت کی کارروائی کی خاطر خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے نمازیوں اور مساجد کے منتظمین سے پھر اپیل کی کہ وہ مساجد میں حاضری کے وقت کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کریں۔ جا نماز ہمراہ لائیں۔ حفاظتی ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔