Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بولنگ کا سب سے بڑا فنکار‘، سوئنگ کے سلطان سالگرہ مبارک

سوشل میڈیا صارفین وسیم اکرام کو 55 ویں سالگرہ پر مبارک باد دے رہے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم آج اپنی 55 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ دنیا بھر سے شائقین کرکٹ اور ان کے مداح سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے کیریئر کے بہترین لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دے رہے ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں.
19 سالوں پر محیط کرکٹ کیریئر میں وسیم اکرم نے 916 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور وہ بائیں بازو سے بولنگ کرانے والے سب سے کامیاب فاسٹ بولر بن کر سامنے آئے۔
اکتوبر 2013 میں وسیم اکرم پاکستان سے واحد کرکٹر تھے جن کو وزڈن المانک کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر آل ٹائم ٹیسٹ ورلڈ الیون میں نامزد کیا گیا تھا۔
وسیم اکرم نے 25 ٹیسٹ اور 109 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی کپتانی کی۔ ان میں سے ٹیم نے بالترتیب 12 اور 66 میچ جیتے۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے مداحوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی مداح ہوں یا سرحد پار شائقین کرکٹ، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وسیم اکرم کو لیجنڈ کہنے میں سب پیش پیش ہیں۔
سرحد پار سے صارف سیوا کمار لکھتے ہیں کہ ’سوئنگ کا سلطان، وہ دن جب بیٹسمین گراؤنڈ میں ان کا سامنا کرنے سے ڈرتا تھا، جب بال بیٹسمین کے سامنے سوئنگ ہوتی تھی، اس دور کا ایک قیمتی بولر۔ سالگرہ مبارک‘
وسیم اکرم کے کیریئر کے بہترین لمحات کا ویڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے صارف حمزہ کلیم نے لکھا ’گیند بازی کا سب سے بڑا فنکار، کرکٹ کی تاریخ میں سب سے تیز بولنگ کرانے والا لیفٹ آرم بولر، سالگرہ مبارک سر، ایسے ہی نوجوان بولرز کو انسپائر کرتے رہیں۔‘
مداحوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے کرکٹرز نے بھی وسیم اکرم کی سالگرہ پر انہیں پیغامات بھیجے، ساؤتھ افریقہ کے سابق کرکٹر اور کوچ ہرشل گبس نے اپنی ٹویٹم یں لکھا ’سالگرہ مبارک لیجنڈ‘
وسیم اکرم تین جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے سنہ 1984 میں پاکستان آٹو موبائل کارپوریشن کی جانب سے کھیل کر کرکٹ کا آغاز کیا۔
وسیم اکرم اپنے وقت کے مقبول ترین بولر رہے اور بیک وقت ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ کرانے کی خوبی نے انہیں دیگر بولرز سے ممتاز کیا۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں 500 سے زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی اور دوسرے عالمی بولر ہیں جنہوں نے 356 ایک روزہ میچز میں 502 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے 18 سال کی عمر میں راولپنڈی میں پہلی بار فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی جبکہ 23 نومبر 1984 کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا بین الاقوامی ون ڈے کھیلا۔ 1992 میں پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانے میں وسیم اکرم نے اہم کردار ادا کیا اور فائنل میں انگلینڈ کے خلاف مین آف دی میچ قرار پائے۔
بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے وسیم اکرم نے نومبر 1984 سے جون 2003 تک اپنے 19 سالہ کیرئیر میں 104 ٹیسٹ، 356 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔

شیئر: