سورج گرہن جب یہ چمکتی ہوئی انگوٹھی کی طرح نظر آئے گا
سورج گرہن جب یہ چمکتی ہوئی انگوٹھی کی طرح نظر آئے گا
پیر 7 جون 2021 11:44
رواں سال کا پہلا سورج گرہن سعودی عرب یا عرب دنیا میں نہیں دیکھا جا سکےگا۔(فوٹو ٹوئٹر)
آئندہ ہفتے جزوی سورج گرہن دنیا کے جن حصوں میں نظر آئے گا ان میں شمالی امریکہ، روس اور گرین لینڈ کے علاقے شامل ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ سورج گرہن جو رواں سال کا پہلا ہوگا سعودی عرب یا عرب دنیا میں نہیں دیکھا جا سکے گا۔
جدہ میں فلکیاتی سوسائٹی کے صدر ماجد ابو زہرا نے بتایا ہے کہ ایسے وقت میں جب چاند زمین اور سورج کے درمیان میں آتا ہے تو سورج کا بیرونی حصہ ہی روشن رہ جاتا ہے جو چاند کے گرد ہالہ بناتا ہے اور چمکتی ہوئی انگوٹھی کی مانند نظرآتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس قسم کا واقعہ قمری مہینے کے آغاز میں ہوتا ہے جب چاند زیادہ ترسورج کا احاطہ کرتا ہے۔
ماجد ابو زہرا نے مزید بتایا کہ یہ سورج گرہن روس کے علاوہ مشرق بعیداور گرین لینڈ کے مغربی علاقے کے ممالک کے ساتھ کینیڈا میں عوام دیکھ سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر چاند اپنے حجم کے لحاظ سے سورج کا پوری طرح احاطہ نہیں کرے گا کیونکہ وہ زمین سے بہت دور ہوگا اور چاند کا ظاہری حجم زیادہ بڑا نہیں ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ سورج کے گرد ایک انگوٹھی کی مانند چمکیلی روشنی چاند کو گھیرے میں لے لے گی۔
واضح رہے کہ 10جون کو نظرآنے والا سورج گرہن پانچ گھنٹے تک جاری رہے گا اور سعودی وقت کے مطابق دن11 بج کر12منٹ سے شروع ہو گا جو کہ شام 4 بج کر11 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔ یہ گرین ویچ ٹائم (جی ایم ٹی) وقت کے مطابق صبح 8 بج کر12 منٹ سے ایک بج کر 11 منٹ بنتا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں