24 گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار 274 نئے مریض
اب تک چار لاکھ 61 ہزار 242 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں بدھ نو جون کو کورونا کے نئے کیسز پھر ایک ہزار سے زیادہ سامنے آئے ہیں۔
بدھ کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 274 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 28 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 15 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر سات ہزار 503 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد نو ہزار 929 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 565 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض مکہ ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 437 ہے جبکہ ریاض ریجن میں 277 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
شرقیہ ریجن میں 180، عسیر ریجن میں 90، مدینہ ریجن میں 78، جازان ریجن میں 69، القصیم ریجن میں 50، نجران ریجن میں 25، تبوک ریجن میں 23، حائل ریجن میں 18، الباحہ ریجن میں 17، الحدود الشمالیہ میں آٹھ جبکہ الجوف ریجن میں دو مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 61 ہزار 242 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ 43 ہزار 810 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘