کورونا ویکسین کے طویل المیعاد مضر اثرات نہیں
’ویکسین میں فعال مادہ قوت مدافعت کو متحرک کر کے خود بخود ختم ہوجاتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت صحت کے سکریٹری برائے حفاظتی تدابیر ڈاکٹر عبد اللہ عسیری نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے طویل المیعاد مضر اثر ات نہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’مختلف قسم ویکسین گزشتہ ایک سوسال سے استعمال کی جاتی ہے، اب تک کسی بھی ویکسین کے مضر اثرات ظاہر نہیں ہوئے‘۔
’کورونا ویکسین بھی دیگر مختلف قسم کی ویکسین کی طرح ہے جس کا فعال مادہ جسم کے اندر قوت مدافعت کو متحرک کرکے کچھ عرصے کے بعد غائب ہوجاتا ہے‘۔
’ایک عرصہ گزرنے کے بعد کسی بھی قسم کی ویکسین کا فعال مادہ جسم میں باقی نہیں رہتا، وہ اپنا کام کرکے خود بخود ختم ہوجاتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسین انتہائی محفوظ ہے اور وبا کے انسداد کے لئے فعال طریقہ ہے‘۔
’کورونا ویکسین کے حوالے سے جتنی بھی غلط خبریں ہیں وہ محض جھوٹ ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں‘۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’صحیح خبریں مستند ذرائع سے لی جائیں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہ پر یقین نہ کیا جائے‘۔