’آہوں اور سسکیوں کے ساتھ‘ کینیڈا میں پاکستانی خاندان کی تدفین
’آہوں اور سسکیوں کے ساتھ‘ کینیڈا میں پاکستانی خاندان کی تدفین
اتوار 13 جون 2021 8:18
مرحومین اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑا اجتماع مانٹریال شہر میں منعقد ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کینیڈا میں ہلاک ہونے والے پاکستانی خاندان کے چاروں افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
سنیچر کو کینیڈا میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ انٹاریو کے شہر لندن میں گذشتہ اتوار ایک المناک سانحے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی خاندان کے افراد کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ میں سینکڑوں پاکستانیوں اور مقامی مسلمانوں نے شرکت کی۔
’شہدا کو آج آہوں اور سسکیوں کے ساتھ دفنا دیا گیا۔ اس سے قبل مرحومین کی لندن اسلامک سنٹر میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔‘
کینیڈا میں پاکستان ہائی کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے جنازہ میں شرکت سے قبل شہدا کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تعزیت کے پیغامات پہنچائے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ٹیلی فون پر متاثرہ خاندان کے افراد سے بات کی اور ان سے اس اندوہناک سانحے پر تعزیت اور دلی رنج و الم کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں لندن سانحے میں ہلاک ہونے والے مرحومین اور ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کینیڈا کے مختلف شہروں میں اجتماعات اور دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔
مرحومین اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑا اجتماع مانٹریال شہر میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، حکومتی عمائدین، حکام اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔