Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو کا کولا کولا کی بوتل ہٹانا سپانسرز کے لیے سر درد کیسے بنا؟

کرسیٹانو رونالڈو یورپین چیمپیئن شپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب کرسٹیانو رونالڈو اور پال پوگبا نے کوکا کولا اور ہنکن بیئر کی بوتلوں کو یورو 2020 کی پریس کانفرنسوں کے درمیان ہٹایا تو اس سے ظاہر ہوا کہ کہ سپورٹس اسٹارز اسپانسرز کی ان مصنوعات کو مسترد کر رہے ہیں جو ان کی ذاتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے سوشل میڈیا پر 50 کروڑ کے قریب فالوورز ہیں تو جب وہ بولتے ہیں تو اس کا اثر ہوتا ہے۔
پرتگال کے 36 سالہ کپتان فٹنس کے جنونی ہیں اور انہوں نے چند روز قبل سوموار کو ہنگری کے ساتھ میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران واضح کر دیا کہ وہ اپنے سامنے رکھی کوکا کولا کی بوتلوں کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔
انہوں نے پرتگالی زبان میں لفظ ’ایگوا‘ بولنے سے قبل کیمروں کے سامنے بوتل کو ہٹایا اور بظاہر لوگوں کو قدرتی انتخاب کی ترغیب دی۔
پرتگال کی ہنگری کے خلاف تین گول سے کامیابی میں دو گول کرسیٹانو رونالڈو کے تھے، جس نے انہیں یورپین چیمپیئن شپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بنا دیا ہے۔
اس سے اگلے دن فرانس کے مڈفیلڈر پال پوگبا، جو مسلمان ہیں اور شراب نہیں پیتے، نے اپنی پریس کانفرنس کے درمیان ہنکن بیئر کی بوتل ہٹا کر اسی طرح کا اشارہ دیا۔
حقیقت میں یہ نان الکوحل بیئر تھی لیکن یہ پیغام کے اثر کو کم نہیں کر سکی۔
اس حوالے سے فرانس کے ایملیون بزنس سکول کے سینٹر فار دی یورشیئن سپورٹ انڈسٹری کے ڈائریکٹر پروفیسر سائمن چاڈوک کا کہنا ہے کہ ’ہم ایک نئے دور میں ہیں جہاں ایتھلیٹس دوبارہ سے اپنی آواز حاصل کر رہے ہیں۔‘
’ایسا لگتا ہے کہ وہ اب ان طریقوں سے بات کرنے اور برتاؤ کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں جو وہ سوچتے ہیں، محسوس کرتے ہیں اور جو ان کی اقدار کے مطابق ہیں۔‘
کرسٹیانو رونالڈو ماضی میں چینی سے بھرپور سافٹ ڈرنکس کی پبلسٹی کرتے رہے ہیں۔
حقیقت میں انہوں نے 2000 کے وسط میں کوکا کولا کے لیے چین میں پروموشنل کام کیا تھا اور حریف کمپنی پیپسی کے لیے بھی کام کیا تھا۔

پال پوگبا فرانس کے لیے مڈفیلڈر کی پوزیشن پر کھیلتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم پروفیسر سائمن چاڈوک کا کہنا ہے کہ پرتگالی سپرسٹار برملا کہہ چکے ہیں کہ ’ایک فرد کے طور پر جو کچھ میں نے ماضی میں کیا ہے اس سے آگے بڑھنے کا مجھے ذاتی حق ہے۔‘
’میں اپنی رائے بدلنے کا حق رکھتا ہوں، میں اپنی اقدار کو تبدیل کرنے کا حق رکھتا ہوں، میں ان مصنوعات پر اعتراض کرنے کا حق رکھتا ہوں جو میں ہوں یا جس کی نمائندگی کی کوشش کرتا ہوں، سے مطابقت نہیں رکھتیں۔‘
سوشل میڈیا کی پہنچ اس کے طرح کے مظاہروں کو پہلے سے کئی زیادہ طاقت فراہم کر رہی ہے۔
بعض رپورٹس کے مطابق کرسیٹانو رونالڈو کی اس حرکت سے ایک مرحلے میں کوکا کولا کے شیئرز کی قیمت  میں چار ارب ڈالرز کی کمی ہوئی، لیکن بہت سے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس کمی کا فٹ بالر کے اقدام سے کوئی تعلق نہیں۔
تاہم پروفیسر سائمن چاڈوک سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے مظاہرے سپانسرز کے لیے ایک سنجیدہ سر درد ہیں۔

شیئر: