پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پرتگال کی فٹبال فیڈریشن نے منگل کو تصدیق کی کہ کرسٹیانو رونالڈو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ نیشنز لیگ کے بدھ کو سویڈن سے ہونے والے میچ میں اپنی قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
کرسٹیانو رونالڈو پانچ بار سال کے بہترین فٹبالر کا فیفا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ وہ اس وقت اطالوی فٹبال کلب یووینٹیس کا حصہ ہیں۔
فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 35 سالہ رونالڈو میں بیماری کی کوئی علامت سامنے نہیں آئی ہے تاہم اس وقت وہ آئسولیشن میں ہیں۔
فیڈریشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پرتگال سکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تاہم رونالڈو کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
فیڈریشن کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے علاوہ باقی تمام کھلاڑی میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔