Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں 5 دکانیں سیل، 54 تجارتی اداروں کے چالان

کورونا ایس اوپیز پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے( فوٹو ٹوئٹر میونسپلٹی)
سعودی عرب میں مشرقی ریجن کی بلدیہ نے کورونا ایس اوپیز پرعمل نہ کیے جانے پر 5 دکانیں سیل کردیں اور 54 تجارتی اداروں کے مالکان کا چالان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے کورونا ایس اوپیز پرعمل درآمد کویقینی بنانے کےلیے مختلف ریجنز میں بلدیہ سمیت دیگراداروں پرمشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ 
مشرقی ریجن میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے ایک دن میں مختلف مارکیٹوں کے ایک ہزار 183 دورے کیے جن میں 54 تجارتی اداروں پرمعمولی خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں ۔ مالکان کے چالان کیے گئے جبکہ کورونا ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر پانچ دکانوں کو سیل کیا گیا۔
وزارت صحت کی جانب سے دکانداروں اور تجارتی اداروں کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ مارکیٹوں یا دکانوں میں آنے والے صارفین کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کےلیے مخصوص تھرما میٹر کی سہولت فراہم کریں جبکہ کسی کو بھی ’توکلنا ‘ کے بغیر دکانوں میں آنے نہ دیا جائے۔ 
وزارت کی جانب سے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے بھی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کے مطابق دکان یا شاپنگ مال کے رقبے کے مطابق وہاں لوگوں کی گنجائش متعین کی جاتی ہے۔ مقررہ حد سے زیادہ افراد بیک وقت دکان یا مال میں نہیں جاسکتے۔   

شیئر: