اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکیورٹی آپریشن
سیکیورٹی آپریشن مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ہورہا ہے(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے ترجمان بریگیڈیئر سامی الشویرخ نے کہا ہے کہ ’مملکت بھر میں سعودی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی آپریشن شروع کردیے گئے ہیں‘۔
’خصوصا اقامہ و لیبر قوانین اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پورے ملک میں سیکیورٹی آپریشن کیے جارہے ہیں‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے امن عامہ کے ترجمان نے کہا کہ’ ہر علاقے کے پولیس سٹیشن کے تعاون سے سیکیورٹی آپریشن کیا جارہا ہے‘۔
’ریجن پولیس کے ڈائریکٹر سیکیورٹی آپریشن کی قیادت کررہے ہیں جبکہ سعودی عرب میں مقرر جرم و سزا کے قوانین کے نفاذ کے لیے متعلقہ اداروں کے اہلکار آپریشن میں شریک ہورہے ہیں‘۔
بریگیڈیئر الشویرخ نے کہا کہ’ ہر سیکیورٹی آپریشن مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ہورہا ہے۔ مختلف مقامات پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے بارے میں اطلاعات جمع کی جارہی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ اس حوالے سے سیکیورٹی ادارے کے سراغرساں اور روایتی مخبروں کی خدمات لی جارہی ہیں۔ حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی آپریشن کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی تیار کی جاتی ہے‘۔
سیکیورٹی آپریشن میں گرفتار کیے جانے والوں کو متعلقہ اداروں کی تحویل میں دیا جاتا ہے۔