فلپائن میں لگژری گاڑیوں کو ناکارہ کیوں بنا دیا گیا؟
فلپائن کے صدر نے صدارتی فیصلے میں کم سے کم 10 لاکھ یورو مالیت کی 34 لگژری گاڑیاں تباہ کرنے کا حکم دیا تھا (فوٹو: الرجل)
فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے کے حکم پر 10 لاکھ یورو مالیت کی 34 لگژری گاڑیوں کو براہ راست نشریاتی پروگرام میں لوہے کے پہیوں والے ٹریکٹر کے ذریعے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
الرجل میگزین کے مطابق فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے نے اپنے ایک صدارتی فیصلے میں کم سے کم 10 لاکھ یورو مالیت کی 34 لگژری گاڑیاں تباہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
صدر نے ذاتی طور پران لگژری کاروں کو ناکارہ بنانے کے عمل کی نگرانی کی جن میں لیکسس، بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز، آڈی، جیگوار اور کارویٹ برانڈز والی لگژری کاریں شامل تھیں۔ یہ اقدام ملک کے دولت مند افراد کا ٹیکس نہ دینے کے خلاف اٹھایا گیا ہے۔
ملک میں بیشتر بندرگاہوں خصوصاً سیبو اور داؤ کو سرکاری نیلامی میں سمگل شدہ لگژری کاریں پیش کرنے کے بجائے گاڑیاں ناکارہ بنانے کا کہا گیا تھا۔
فلپائنی صدر نے کہا تھا کہ ’اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی کار سپلائی ہو تو آپ کو پہلے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔‘