سعودی شہری کے گھر میں کلاسک گاڑیوں کا منفرد عجائب گھر
سعودی شہری کے گھر میں کلاسک گاڑیوں کا منفرد عجائب گھر
پیر 21 جون 2021 5:19
پرانی گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کے لیے ورکشاپ گھر میں قائم ہے- (فوٹو الوطن)
سعودی عرب میں ایک شہری نے ملازمت سے ریٹائر ہونے پر اپنے گھر کو کلاسک گاڑیوں کے عجائب گھر میں تبدیل کیا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق عام طور پر کلاسیکل گاڑیوں کے مناظر بعض پرانی فلموں میں دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن ایک سعودی نے پرانی کلاسک گاڑیاں اپنے گھر میں جمع کرکے اپنے طرز کا منفرد عجائب گھر قائم کیا ہے۔
ڈاکٹر ناصر المسعری نے بتایا کہ انہیں کلاسیکل گاڑیاں بے حد پسند ہیں۔ اس طرح کی گاڑیاں دیکھنے اور جمع کرنے کا شوق دیوانگی کی حد تک ہے۔ قدیم گاڑیاں تلاش کرکے اپنے گھر میں جمع کرچکا ہوں۔ کونسی گاڑی کب کہاں تیار ہوئی۔ کون کون لوگ اس کے مالک رہے اورآخر میں انہیں وہ گاڑی کس طرح ملی ان تمام تفصیلات کا ریکارڈ بھی جمع کیے ہوئے ہیں۔
المسعری نے کلاسک گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کا ایک چھوٹا سا ورکشاپ بھی اپنے گھر میں قائم کررکھا ہے۔ وہ ہر گاڑی کو اصلاح و مرمت کرکے موثر شکل میں لاچکے ہیں۔
المسعری نے بتایا کہ چالیس برس سے زیادہ عرصے سے انہیں کلاسیکل گاڑیاں حاصل کرنے کا شوق ہے۔ معمولی انداز سے اس کام کا آغاز کیا۔ کلاسیکل گاڑیوں کی شکل رنگ، انداز بہت اچھا لگتا ہے۔ پرانی خوبصورت گاڑیوں کو جمع کرنے کا ایک راز یہ بھی ہے۔ کئی منفرد اور نایاب گاڑیاں ہیں۔ انہیں حسیناؤں کا نام دیتا ہوں۔ کم از کم میری نظر میں تو وہ حسین ہیں۔
سعودی شہری نے کہا کہ میرے پاس پورٹیل روڈسٹار کی 1929 ماڈل کی کیڈلک کار ہے۔ یہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کی منفرد ہے اور مملکت میں میرے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کار امریکہ میں انتہائی کساد بازاری والے سال میں تیار ہوئی تھی۔ یہ وہ سال تھا جب لوگوں نے گاڑیاں خریدنا بند کردی تھیں۔ اس کے باوجود کیڈلک روڈسٹار تیار ہوئی۔ مالدار لوگ ہی اسے خرید سکتے تھے۔ اس زمانے میں 30 فورڈ گاڑیوں کی قیمت کے برابر اس ایک کار کی قیمت تھی۔
المسعری نے بتایا کہ اسے حاصل کرنے کے لے بڑی محنت کی تھی اور بڑی رقم بھی خرچ کی۔ یہ اچھی حالت میں ہے اور ٹھیک چل رہی ہے۔
المسعری پرانی گاڑیوں کے بارے میں کوئی بھی غیرمعیاری تبصرہ سننے کے متحمل نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ امریکہ اور اٹلی کے سپیشلسٹ مکینیکل انسٹی ٹیوٹس میں الیکٹرانک مکینیکل سسٹم، روغن، آلات اور گاڑیوں کی نشستیں تیار کرنے تک کا ہنر سیکھے ہوئے ہیں۔ کوئی بھی پرانی کار کیسی بھی کیوں نہ ہو قابل استعمال حالت میں ہی نظر آئے گی۔
ڈاکٹر المسعری بعض پرانی گاڑیوں کے پرزوں کو گھریلو فرنیچر مثلا صوفہ سیٹ میں تبدیل کیے ہوئے ہیں جبکہ ایک کار کے اگلے حصے میں ٹی وی سیٹ اس انداز سے لگائے ہوئے ہیں کہ عام لوگوں کو نظر نہیں آتا- اس کا ڈیزائن خود انہوں نے تیار کیا۔
اب ان کا پروگرام ہے کہ وہ بڑا عجائب گھر تیار کریں جس کا ایک ہال کلاسک کاروں کے شو روم ، دوسرا ہال لیکچرزاور تیسرا یادگاری ڈاک ٹکٹوں پر مشتمل ہو۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں