Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، پشاور زلمی فائنل میں

پشاور زلمی جمعرات 24 جون کو پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے پلے آف میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پشاور زلمی جمعرات 24 جون کو پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی۔
منگل کو ابوظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 174 رنز کے جواب میں پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 17 ہویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
حضرت اللہ زازئی نے 44 گیندوں پر 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمد وسیم نے انہیں بولڈ کیا۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جوناتھن ویلز نے بھی حضرت اللہ زازئی کا بھرپور ساتھ دیا اور 42 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔ شعیب ملک نے 10 گیندوں پر 32 رنز جوڑے۔
اوپنر کامران صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 174 رنز بنائے جبکہ اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
بدترین آغاز کے بعد آخری اوورز میں حسن علی کی جارحانہ بیٹنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک اچھے ٹوٹل تک پہنچا دیا۔ وہ 16 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عثمان خواجہ اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ شعیب ملک نے پشاور زلمی کی جانب سے پہلا اوور کرایا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو نے عمید آصف کے چھٹے اوور کی پہلی چار گیندوں پر 18 رنز بنائے۔

حضرت اللہ زازئی کو 44 گیندوں پر 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

عثمان خواجہ جنہوں نے گذشتہ میچ میں زلمی کے خلاف سنچری سکور کی تھی ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے اوور میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد اخلاق بھی آؤٹ ہوگئے۔
آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی برینڈن کنگ تھے جنہوں نے 18 رنز بنائے۔ ان کو عمید آصف نے پویلین بھیجا۔ کولن منرو 44 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد دس رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان کو وہاب ریاض کی گیند پر کامران اکمل نے کیچ آؤٹ کیا۔
زلمی کے محمد عرفان نے چار اوور میں 21 رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ان کے گراؤنڈ سے باہر جانے پر متبادل کھلاڑی کے لیے امپائرز نے دونوں ٹیموں سے مشاورت کی۔

حسن علی نے 16 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آصف علی بھی کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی فہیم اشرف تھے جو ایک رن بنا سکے۔ ان کی وکٹ بھی وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔
حسن علی نے 17 ہویں اوور میں عمید آصف کی پہلی چار گیندوں پر 20 رنز جوڑے۔
پشاور زلمی نے پہلے ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل سے باہر کر دیا تھا۔ جبکہ ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دینے کے بعد فائنل میں جگہ پکی کر لی تھی۔

شیئر: