Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست، ملتان سلطانز پی ایس ایل کے فائنل میں

دونوں ٹیمیں ابو ظبی کے شیخ زید اسٹیدیم میں پہلے کوالیفائر میں مدمقابل ہیں۔ (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
ملتان سلطانز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
پیر کو ابو ظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں ایونٹ کے پہلے کوالیفائر میں 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 149 رنز بنا سکی۔
عثمان خواجہ نے 40 گیندوں پر 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ عمران طاہر کی گیند پر خوش دل شاہ نے ان کا کیچ لیا۔
ان فارم اوپنر کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے، سہیل تنویر نے ان کی وکٹ حاصل کی۔
محمد اخلاق 10 رنز بنا کر عمران خان کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔
افتخار احمد 16 رنز بنانے کے بعد مزاربانی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آصف علی صرف ایک رن بنا سکے، عمران طاہر کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے انہیں سٹمپ کیا۔
حسین طلعت نے 25 رنز بنائے۔ مزاربانی کی گیند پر سہیل تنویر نے ان کا کیچ لیا۔  
ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
مزاربانی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران طاہر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان  سپر لیگ 6 کے پہلے پلے آف میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 181 رنز کا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔
صہیب مقصود نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
خوش دل شاہ نے 42 جبکہ جانسن چارلس نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ شان مسعود 25 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

ان فارم بلے باز کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

کپتان محمد رضوان اس میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔عاکف جاوید کی بال پر محمد اخلاق نے ان کا کیچ لیا۔
رلی روسو بغیر کوئی رنز بنائے شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔  
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے دو دو جبکہ عاکف جاوید نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شیئر: