مدرستی آن لائن تعلیمی پروگرام چار بہترین عالمی ماڈلز میں شامل ہے: یونیسکو
مدرستی آن لائن تعلیمی پروگرام چار بہترین عالمی ماڈلز میں شامل ہے: یونیسکو
بدھ 23 جون 2021 11:58
مملکت میں سکول بند ہونے کے بعد مدرستی آن لائن پروگرام شروع کیا گیا تھا (فوٹو: عرب نیوز)
یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم سٹیفانیہ گیانینی نے منگل کو عالمی وبا کے تناظرمیں فوری طور پر آن لائن تعلیم کے طریقوں پر عمل درآمد کرنے پر سعودی عرب کی تعریف کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوزایجنسی ایس پی اے کے مطابق اٹلی کے شہر کتانیا میں جی 20 کے وزرائے تعلیم کے اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹرحمد بن محمد آل الشیخ سے ملاقات کے دوران سٹیفانیہ گیانینی نے کہا کہ ’کورونا وائرس کے دوران مملکت نے ای لرننگ اور فاصلاتی تعلیم میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔‘
یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل نے سعودی عرب میں تعلیم کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر آن لائن تعلیم پر تیزی سے عمل کرنے پرسعودی حکام کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
یونیسکو کی عہدیدار نے کہا کہ ’فاصلاتی تعلیم کو انتہائی مختصر مدت میں متعارف کروانے میں سعودی عرب کی کامیابی نے اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔‘
گیانینی کے مطابق ’سعودی عرب کی جانب سے متعارف کرایا گیا مدرستی آن لائن لرننگ پروگرام تعلیم کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنائے گئے چار بہترین عالمی ماڈلزمیں شامل کیا گیا ہے۔‘
کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب کے تمام سکول بند کیے جانے کے بعد مدرستی آن لائن پروگرام جاری کیا گیا تھا۔
اس آن لائن تعلیمی نظام کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ طلبا کمپیوٹر پر آن لائن ہو کر ڈیجیٹل طریقے سے اپنی کلاس میں تعلیم کے لیے حاضر ہو سکیں۔ طلبا اپنے اساتذہ کے ساتھ بات چیت کرسکیں اور اپنی تعلیمی صلاحیتیں اجاگر کر سکیں۔
یہ پروگرام طلبا کو ورچوئل کلاسز، ہوم ورک اسائنمنٹس اور ڈیلیوری ٹولز مہیا کرتا ہے اس کے علاوہ یوٹیوب چینل اور نیشنل ایجوکیشن پورٹل کے ساتھ بھی ملاتا ہے۔
مدرستی پروگرام کے توسط سے سکول انتظامیہ تعلیمی عمل کی مسلسل نگرانی کر سکتی ہے۔ اس پروگرام کے تحت کلاسز کا نظام الاوقات تیار کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں طلبا سے بات چیت کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کے لیے تکنیکی مدد بھی فراہم کرتا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں